سابق وزیرداخلہ سینئر سیاستدان اور پنجاب اسمبلی کے رکن چوہدری نثار علی خان کا پنجاب میں وزارت اعلیٰ کے معاملے میں نیوٹرل رہنے کا فیصلہ

جمعرات 21 جولائی 2022 19:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2022ء) سابق وزیرداخلہ سینئر سیاستدان اور پنجاب اسمبلی کے رکن چوہدری نثار علی خان نے پنجاب میں وزارت اعلیٰ کے معاملے میں نیوٹرل رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وہ نہ تو وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز اور نہ ہی پی ٹی آئی اور ق لیگ کے مشترکہ امیدوار سپیکر چوہدری پرویز الٰہی کو ووٹ دینگے ۔

ذرائع کے مطابق چوہدری نثار علی خان پنجاب اسمبلی کے رکن کا حلف اٹھانے کے بعد دوبا رہ کبھی بھی اسمبلی کے اجلاس میں شامل نہیں ہوئے ۔

(جاری ہے)

ان کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ (آج) سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کیلئے ہونیوالی ووٹنگ میں حصہ نہیں لینگے اور غیر جانبدار رہیں گے ۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعلیٰ شبہاز شریف نے چوہدری نثار علی سے رابطہ کیا تھا اور قریبی عزیز کی وفات پر تعزیت کی تھی جس کے بعد قیاس آرئیاں کی جا رہی تھیں کہ چوہدری نثار علی خان وزیراعلیٰ کے انتخاب کیلئے حمزہ شہباز کو ووٹ دے سکتے ہیں تاہم ان کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ وزیراعلیٰ کے انتخاب کیلئے بلائے گئے اجلاس میں شرکت نہیں کرینگے ۔