سیالکوٹ ضلعی انتظامیہ نئی نسل کو تمباکو نوشی کے نقصانات سے پاک نسل بنانے کیلئے پُر عزم ہے،ڈپٹی کمشنر

جمعرات 28 جولائی 2022 15:22

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جولائی2022ء) انسداد تمباکو نوشی کے عالمی دن کی مناسبت سے ضلعی انتظامیہ سیالکوٹ کے زیر اہتمام سکولزم کالجز اور یونیورسٹیز کے طالب علموں کے درمیان" تمباکو نوشی کے نقصانات " کے عنوان پر "پہلے ڈپٹی کمشنر آرٹ مقابلہ" کا انعقاد کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ میثم عباس نے مقابلہ پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں تعریفی اسناد تقسیم کیں ۔

ڈی سی آفس کمیٹی روم میں منعقدہ تقریب تقسیم انعامات میں پراجیکٹ مینیجر تمباکو کنٹرول پروگرام اسلام آباد محمد آفتاب ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سیدہ آمنہ مودودی، سی ای او ایجوکیشن میاں ریاض احمد، ڈی ای او سیکنڈری ایجوکیشن محمد ایوب قاضی، ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر برائے تمباکو کنٹرول شہزاد احمد سمیت سکول کالجز یونیورسٹیز کے اساتذہ اور طالب علموں کی بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ میثم عباس نے شرکاءتقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ضلعی انتظامیہ سیالکوٹ نئی نسل کو تمباکو نوشی کے نقصانات سے پاک نسل بنانے کیلئے تمباکو کنٹرول پروگرام کو کامیاب بنانے کیلئے پُر عزم ہے ۔ حکومت پاکستان اور ضلعی حکومت سیالکوٹ کو ”تمباکو سے پاک شہر“ بنانے کے لیے مصروف عمل ہیں اور عوام میں تمباکو کے استعمال سے لاحق خطرات پر آگاہی فراہم کررہے ہیں۔

اس سلسلہ میں قانون کے بارے میں بڑے پیمانے پر آگاہی فراہم کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں سالانہ ایک لاکھ ساٹھ ہزار افراد تمباکو سے لاحق بیماریوں کی وجہ سے لقمہ اجل بن جاتے ہیں جن کی روزانہ تعداد438 بنتی ہے۔ پاکستان، جیسے ترقی پذیر ملک کی صحت کی شعبہ میں تمباکو نوشی کی وجہ سے کینسر سمیت دیگر بیماریوں کا شکار ہونے والے افراد کی وجہ سے اچھا خاصا دباو کاشکار ہے ۔ پراجیکٹ مینیجر تمباکو کنٹرول پروگرام محمد آفتاب احمدنے کہا کہ تمباکو نوشی کی وجہ سے نوجوان مختلف منشیات کے استعمال کی جانب راغب ہوتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ سگریٹ ، شیشہ وغیرہ جہاں انسانی صحت کیلئے مضر ہیں وہی ہماری معیشت کو بھی نقصان پہنچارہے ہیں ۔