سندھ کی بچیوں پر شیلنگ اور گولیاں،حکمران پیسے اور طاقت کے نشے میں دھت ہو کر اندھے، بہرے اور گونگے ہو چکے ہیں، سید جلال محمود شاہ

ہفتہ 30 جولائی 2022 23:58

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 جولائی2022ء) چیئرمین سندھ یونائیٹڈ پارٹی و کنوینر سندھ ایکشن کمیٹی سید جلال محمود شاہ نے کہا ہے کہ ہم پولیس کی جانب سے غازی گوٹھ کراچی کو مسمار کرنے، خواتین کی تذلیل،ان پر شیلنگ اور سندھی آبادی کو بے گھر کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ حکمران پیسے اور طاقت کے نشے میں دھت ہو کر اندھے، بہرے اور گونگے ہو چکے ہیں۔

سندھ کی بچیوں پر شیلنگ اور گولیاں برسائی گئی ہیں، جس کی وجہ سے 20 سے زائد بچیاں، بچے اور بوڑھے شدید زخمی ہو چکے ہیں۔۔ کراچی میں سندھی گوٹھوں کو مسمار کر کے غیر ملکیوں اور دوسرے صوبوں کے لوگوں کو تحفظ دے کر ان کی کالونیوں کو ریگولرائز کیا جا رہا ہے۔کراچی سے جاری بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کے تاریخی غاز ی گو ٹھ سمیت کراچی کی تمام کچی آبادیاں اور گوٹھ بنیادی سہولیات سے محروم ہیں اور اب ان گوٹھوں اور کچی آبادیوں کی زمینوں کو پیپلز پارٹی کے بلڈر مافیا کے ذریعے فروخت کر کے غیر ملکیوں اور دوسرے صوبوں سے آنے والے لوگوں کے لئیے کالونائیز کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ اس ساری واردات میں وہ قوتیں ملوث ہیں جنہوں نے میگا پراجیکٹس کے ذریعے سندھ کی زمینوں پر قبضہ کرکے ان کو غیر ملکیوں کے حوالے کی ہیں۔ ان قوتوں کو سندھ حکومت کی سرپرستی حاصل ہے اور ان سب کے فرنٹ مین آصف علی زرداری ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی ترجیحات میں نہ سندھ ہے اور نہ سندھ کے عوام ہیں۔ سندھ کے عوام کو فیصلہ کرنا ہو گا کہ کیا سندھیوں کے ووٹوں سے منتخب ہونے والے سندھ دشمن حکمرانوں کے ساتھ کھڑا ہونا ہے جنہوں نے سندھ کے عوام کے ساتھ ظلم اور ناانصافی کی، سندھ کی زمینوں پر قبضے کر کے پیسے بٹورے، سندھ کے لوگوں سے ووٹ خریدے یا سندھ دوست قیادت کے ساتھ مل کر سندھ کی حق حکمرانی اور اپنے قومی مفادات کا تحفظ کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں رہنے والے سندھیوں کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور ان کے تحفظ کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔سید جلال محمود شاہ نے کہا کہ سپریم کورٹ اور سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اس واقعہ کا ازخود نوٹس لیں۔انہوں نے کہا کہ آج غازی گوٹھ میں پیپلز پارٹی کے اس غیر جمہوری عمل اور دیگر سندھی آبادیوں کو پیپلز پارٹی حکومت کی سرپرستی میں بلڈر مافیا کو فروخت اور قبضے کے خلاف کل(آج) سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے مرکزی صدر سید زین شاہ کی قیادت میں غازی گوٹھ میں احتجاج کیا جائے گا۔