یوم استحصال ،ضلعی انتظامیہ پشاور کی زیر نگرانی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی ریلیوں کا انعقاد

جمعہ 5 اگست 2022 21:24

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 اگست2022ء) ضلعی انتظامیہ پشاور نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے حوالے سے 05 اگست یوم استحصال کے روزسیکریٹری ایڈمنسٹریشن شاہد سہیل خان کی قیادت میں خیبر بازار جبکہ ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان کی قیادت میںیونیورسٹی روڈ پر ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔ریلیوں میں ایڈیشنل سیکریٹری حبیب اللہ،ڈین خیبر میڈیکل کالج ڈاکٹر محمود اورنگزیب، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر سلیم ایوبی ،ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر سیدہ زینب نقوی، آل پارٹی حریت کانفرنس کے راہنمائوںمیاں غلام دائود اور عبدالمجید لون، مرکزی تنظیم تاجران کے صدر ملک مہر الٰہی، احتشام حلیم، تاجران، پروفیسرصاحبان،ڈاکٹر حضرات، سٹاف، عوام اور دیگر افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

ریلیوں میں شرکاء نے مختلف پلے کارڈز اور بینرز اُٹھا رکھے تھے جن پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے حوالے سے نعرے درج تھے۔

(جاری ہے)

شرکاء کا کہنا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور ایک دن کشمیریوں کی جدوجہد آزادی ضرور رنگ لائے گی۔کشمیریوں پر بھارتی افواج نے ظلم کے پہاڑ توڑ رکھے ہیں اور کشمیری پاکستان کا حصہ بننا چاہتے ہیں لیکن بھارت کو یہ منظور نہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہم کشمیری عوام کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔ کیوں کہ اس کے لیے ہزاروں بہن بھائیوں نے قربانیاں دی ہیں اور ان کی قربانی رائیگاں نہیں جا ئی گی اور کشمیر کی آزادی تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔