آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا آرمی سائبر کمانڈ کا دورہ

جمعہ 5 اگست 2022 22:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2022ء) بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے نئے قائم کردہ آرمی سائبر کمانڈ کا دورہ کیا۔ آرمی چیف نے سائبر ڈویژن اور آرمی سینٹر آف ایمرجنگ ٹیکنالوجیز کا بھی دورہ کیا، جو آرمی سائبر کمانڈ کے دو اہم اجزا ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ جنگ کی نوعیت اور کردار بدل رہا ہے۔

(جاری ہے)

فائر پاور اور سائبر مستقبل کی جنگ کی اہم بنیاد کے طور پر ابھرے ہیں اور ہمیں ان شعبوں میں اپنی صلاحیت اور استعداد کار کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی قائم کردہ سائبر کمانڈ کو بتدریج تینوں سروسز سے منسلک کیا جائے گا اور یہ قومی سطح پر ہم آہنگی کے لیے قومی سائبر اقدامات کا حصہ بھی بنے گا۔آرمی چیف کی آمد پر کمانڈر آرمی سائبر کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا، لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس اور دیگر اعلی فوجی افسران بھی موجود تھے۔