صنعتی اورتعلیمی اداروں کے رابطے صنعتی ترقی کیلئے کلیدی حیثیت کے حامل ہیں،وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹر آصف محمود جاہ

پیر 8 اگست 2022 14:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2022ء) وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹر آصف محمود جاہ نے کہا ہے کہ صنعتی اورتعلیمی اداروں کے رابطے صنعتی ترقی کیلئے کلیدی حیثیت کے حامل ہیں۔ پیرکو الماس حیدر کی سربراہی میں کارپوریٹ سیکٹر کے وفد سے گفتگوکرتے ہوئے وفاقی ٹیکس محتسب نے کہا کہ صنعتوں اور تعلیمی اداروں کے باہمی رابطے ملک میں صنعتی ترقی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں جس سے اقتصادی ترقی کے اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جا سکتا ہے ۔

ڈاکٹر آصف محمود جاہ نے کہا ہے کہ اس سے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کے ذریعے صنعتوں کی پیداوارمیںخاطر خواہ اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان رابطوں کے فروغ سے تعلیمی اداروں میں تحقیق اور ترقی کی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا۔

(جاری ہے)

جس سے صنعتی شعبہ میں جدت نئی مصنوعات کی تیاری ، جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ ، طلب اور مقامی و بین الاقوامی ضروریات کے مطابق مصنوعات کی تیاری میں مدد ملے گی۔

دوسری جانب تعلیمی شعبہ میں جدید ٹیکنالوجیز کے بارے میں تحقیق کو فروغ حاصل ہوگا۔ ڈاکٹر آصف محمود جاہ نے کہا ہے کہ اس حوالہ سے مناسب فنڈ کے انتظامات سے اشتراک کار کو بہتر بنا کر 21ویں صدی کی ضروریات کے مطابق افرادی قوت تیار کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یورپ میں صنعتی انقلاب کے بعد نمایاں ترقی کی ہے اور صنعتی شعبہ کی ترقی میں تعلیمی شعبہ کا کردار بڑا اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سمیت دیگر ترقی پذیر مملک کو چاہتے کہ صنعتی اور تعلیمی اداروں کے باہمی رابطوں کے فروغ کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کریں۔