Live Updates

شہباز گل کیخلاف بغاوت کا مقدمہ،اسلام آباد پولیس نے تحقیقات کیلئے ٹیم تشکیل دے دی

ٹیم کی سربراہی ایس ایس پی انوسٹی گیشن کریں گے،تحقیقاتی ٹیم میں ایس پی سٹی اور ڈی ایس پی بھی شامل

Abdul Jabbar عبدالجبار بدھ 10 اگست 2022 13:34

شہباز گل کیخلاف بغاوت کا مقدمہ،اسلام آباد پولیس نے تحقیقات کیلئے ٹیم ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 اگست 2022ء ) تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کیخلاف بغاوت کا مقدمہ،پولیس نے تحقیقات کیلئے ٹیم تشکیل دے دی۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کیخلاف بغاوت کے مقدمے کے معاملے کی تفتیش کیلئے پولیس کی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔ ٹیم کی سربراہی ایس ایس پی انوسٹی گیشن کریں گے۔ پولیس کی تحقیقاتی ٹیم میں ایس پی سٹی،ڈی ایس پی اور ایس ایچ او بھی شامل ہوں گے۔

ادھر اسلام آباد کی مقامی عدالت نے غداری کے مقدمے میں گرفتار پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔ شہباز گل کو اسلام آباد کچہری میں پیش کیا گیا جہاں ڈیوٹی مجسٹریٹ عمر شبیر نے کیس کی سماعت کی۔ اسلام آباد پولیس کی جانب سے عدالت سے شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

شہباز گل کے وکیل فیصل چوہدری نے عدالت میں جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی مخالفت کی۔

پولیس نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم شہباز گل سے موبائل فون برآمد کرنا ہے۔ ملزم جس پیپر کو دیکھ کر بول رہا تھا وہ بھی برآمد کرنا ہے۔ پروگرام کس کے کہنے پر ہوا اس بارے میں بھی تفتیش کرنی ہے لہٰذا ملزم کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔ اسلام آباد کی عدالت نے غداری کے مقدمے میں گرفتار پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

عدالت کی جانب سے کوہسار پولیس کو شہباز گل کو جمعہ کے روز دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ شہباز گل کی گرفتاری پر پی ٹی آئی نے سخت رد عمل ظاہر کیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے اپنی پارٹی کے رہنما کی گرفتاری کے بعد ایک ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے جبکہ سابق گورنر پنجاب سرفراز چیمہ نے عدالت سے اس گرفتاری کا نوٹس لینے کی درخواست کر دی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات