Live Updates

عمران اسماعیل کا چیف الیکشن کمشنر پر عہدہ مانگنے کیلئے ملاقات کا الزام

سکندر سلطان راجہ عہدہ مانگنے میرے پاس گورنر ہاؤس آئے اور کہا کسی بھی جگہ سیکریٹری لگا دیں یا کوئی عہدہ دے دیں‘ کہیں بھی لگا دیں آپ لوگوں کے کام کروں گا۔ پی ٹی آئی رہنماء کا انکشاف

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 11 اگست 2022 12:08

عمران اسماعیل کا چیف الیکشن کمشنر پر عہدہ مانگنے کیلئے ملاقات کا الزام
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 11 اگست 2022ء ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کا چیف الیکشن کمشنر سکند سلطان راجہ پر عہدہ مانگنے کیلئے ملاقات کا الزام عائد کردیا۔ اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’الیونتھ آور‘ میں گفتگو کے دوران انہوں نے انکشاف کیا کہ چیف لیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ عہدہ مانگنے کے لیے میرے پاس گورنر ہاؤس آئے تھے، ریکارڈ موجود ہے لاگ بک میں اندرج اور تصاویر بھی موجود ہیں، سکندر سلطان راجہ میرے پاس آئے اور کہا کسی بھی جگہ سیکریٹری لگا دیں یا کوئی عہدہ دے دیں، کہیں بھی لگا دیں آپ لوگوں کے کام کروں گا۔

سابق گورنر سندھ نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کو اب بھی دیکھ لیں کہ ان کا جھکاؤ کس طرف ہے، ان کی جانبداری سب پر واضح ہو چکی ہے، میں تو کہتا ہوں کہ ان کو انتخابی نشان الاٹ کر دینا چاہیے، ان کی کوشش ہے کسی طرح عمران خان کو نااہل کر دیں کیوں کہ پی ڈی ایم والے چاہتے ہیں عمران خان کو نااہل کرکے انتخابات جیت جائیں۔

(جاری ہے)

دوسری طرف پی ٹی آئی نے چیف الیکشن کمشنر کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل کو ریفرنس بھجوا دیا، ریفرنس کے متن میں کہا گیا کہ چیف الیکشن کمشنر جان بوجھ کر بدانتظامی کر رہے ہیں، چیف الیکشن کمشنر آئینی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نہیں ادا کر رہے، اس لیے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو عہدے سے ہٹایا جائے۔

ریفرنس میں حکمراں اتحاد کی چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کا بھی ذکر کیا گیا اور کہا گیا ہے کہ گذشتہ ماہ پی ڈی ایم نمائندہ وفد نے چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کی تھی، ملاقات کے چند روز بعد ہی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنا دیا گیا۔ ادھر تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کا ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا، پی ٹی آئی کے رہنما عمرایوب نے الیکشن کمیشن کیخلاف درخواست دائرکی، درخواست گزار کی جانب سے الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ممنوعہ فنڈنگ کیس کا 2 اگست کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے، کیس کا فیصلہ ہونے تک الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کیا جائے، ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کا شوکاز نوٹس بھی کالعدم قرار دیا جائے ، اس کے علاوہ پی ٹی آئی نے عدالت سے الیکشن کمیشن کی کارروائی غیرقانونی قراردینے کی استدعا کی ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات