پاکستان مختلف شعبوں میں جاپان کے تعاون کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، وزیر اعظم شہبازشریف سے جاپان کے بی ایس پی انوسٹمنٹ گروپ کے وفد کی ملاقات

جمعرات 11 اگست 2022 21:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2022ء) وزیر اعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہےکہ جاپان پاکستان کا دیرینہ دوست ملک ہے، پاکستان مختلف شعبوں میں جاپان کے تعاون کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے جاپان کے بی ایس پی انوسٹمنٹ گروپ کے وفد نے تکاجی کے بانی تکاجی سوجی کی قیادت میں اسلام آباد میں ملاقات کی۔

بی ایس پی انوسٹمنٹ گروپ نے پاکستان میں مختلف شعبوں میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔وزیر اعظم نے جاپانی سرمایہ کاروں کے فیصلے کا خیرمقدم کیااور سرمایہ کاری بورڈ کے حکام کو اس سلسلے میں تمام ضروری اقدامات جلد از جلداٹھانے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے جاپانی سرمایہ کاری کو ملک کی تعمیر و ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے انتہائی خوش آئند قرار دیا، اور سرمایہ کاروں کو حکومت پاکستان کی طرف سے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ جاپان، پاکستان کا دیرینہ دوست ملک ہے۔ پاکستان مختلف شعبوں میں جاپان کے تعاون کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ملاقات میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیرسرمایہ کاری بورڈ چوہدری سالک حسین، وزیر تعلیم رانا تنویر حسین، وزیر اعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔\932