پاکستان کو آئی ایم ایف کی جانب سے اظہارِ آمادگی کا خط مل گیا

پاکستان کی طرف سے لیٹر سائن کرکے آئی ایم ایف کو واپس بھیجا جائے گا،پاکستان کے لیے آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی میں اب صرف بورڈ کی منظوری باقی رہ گئی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 12 اگست 2022 12:03

پاکستان کو آئی ایم ایف کی جانب سے اظہارِ آمادگی کا خط مل گیا
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 اگست 2022ء) پاکستان کو آئی ایم ایف کی جانب سے اظہارِ آمادگی کا خط مل گیا ۔جیو نیوز کے مطابق پاکستان کو عالمی مالیاتی فنڈ کی جانب سے لیٹر آف انٹینٹ یعنی اظہارِ آمادگی کا خط مل گیا۔پاکستان کی طرف سے لیٹر سائن کرکے آئی ایم ایف کو اپس بھیجا جائے گا۔پاکستان کے لیے آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی میں اب صرف بورڈ کی منظوری باقی رہ گئی ہے۔

اس سے قبل وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ پاکستان کے دیوالیہ ہونے کا خطرہ ٹل چکا مگر عالمی معاشی مشکلات سے نمٹنے کیلئے وسائل نہیں، اسی لیے بدقسمتی سے بوجھ عوام پر منتقل کرنا پڑا۔خصوصی گفتگوکرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہاکہ پاکستان میں سری لنکا جیسے حالات کے شدید خدشات تھے لیکن اب ملک کیلئے ڈیفالٹ جیسی صورتحال کا خطرہ ٹل چکا۔

(جاری ہے)

وزیرخزانہ نے کہا کہ کفایت شعاری سمیت اہم تبدیلیوں کے بعد اب صورتحال بہتر ہوگئی۔ آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف کی سطح پر معاہدہ ہو چکا، امید ہے کہ رواں ماہ آئی ایم ایف بورڈ سے بھی منظوری مل جائے گی۔وزیرخزانہ نے تسلیم کیا کہ پاکستان میں مہنگائی ہے، ایک وجہ یہ کہ ہم نے فیول اور بجلی پر سبسڈی واپس لی،ٹیکسوں میں اضافہ کیا، شرح سود بڑھائی جس سے گروتھ میں سست روی پیدا ہوگئی، ہمارے اقدامات لوگوں کیلئے تکلیف دہ تھے۔

انہوں نے کہاکہ عالمی سطح پر چیلنجنگ ماحول ہے اور ہمارے پاس صورتحال سے نمٹنے کیلیے وسائل نہیں ہے، بدقسمتی سے بوجھ لوگوں پر منتقل کرنا پڑا۔وزیر خزانہ نے کہا گذشتہ ہفتے ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر 7فیصد بہتر ہوئی۔ درآمدات کم ہوئیں، عالمی منڈی میں خام تیل کی 120 ڈالر فی بیرل تک پہنچنے والی قیمت اب کم ہو رہی ہے۔ آئندہ چند ماہ میں حالات مزید بہتر ہونگے جس سے مہنگائی میں بھی کمی آئے گی۔