یو اے ای میں پٹرولیم قیمتیں کم ہونے پر شارجہ میں ٹیکسی کرایوں میں بھی کمی

شارجہ روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے ٹیکسیوں کا بنیادی ٹیرف 17.50 درہم سے کم کرکے 15.50 درہم کردیا

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 12 اگست 2022 14:22

یو اے ای میں پٹرولیم قیمتیں کم ہونے پر شارجہ میں ٹیکسی کرایوں میں بھی ..
شارجہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 12 اگست 2022ء ) متحدہ عرب امارات میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہونے پر شارجہ میں ٹیکسی کی کرایوں میں بھی کمی کردی گئی۔ خلیج ٹائمز کے مطابق متحدہ عرب امارات میں ایندھن کی قیمتوں میں کمی کے بعد اب شارجہ میں ٹیکسی کی سواری کے لیے بھی کم ادائیگی کرنا ہوگی کیوں کہ اگست میں امارات میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے بعد شارجہ نے اپنے ٹیکسی ٹیرف میں بھی کمی کردی ہے۔

اس حوالے سے شارجہ روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (SRTA) کے کسٹمر ہیلپ لائن ایجنٹوں نے تصدیق کی ہے کہ ٹیکسیوں کا کم از کم کرایہ 17.50 درہم سے کم کرکے 15.50 درہم کردیا گیا ہے، جب کہ ٹیکسی سروسز استعمال کرنے والے ٹیکسی سواروں نے بھی بنیادی ٹیرف میں کمی کی تصدیق کی ہے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ پچھلے مہینے شارجہ روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (SRTA) کے کہنے کے بعد کم از کم کرایہ 13.50 درہم سے بڑھا کر 17.50 درہم کیا گیا تھا، شارجہ ایگزیکٹو کونسل کی جانب سے کیے گئے اس فیصلے کو ایس آر ٹی اے نے نافذ کیا اور اس ضمن میں یہ کہا گیا کہ ملک میں ایندھن کی تازہ ترین قیمتوں کی بنیاد پر ہر ماہ ٹیکسی کرایوں کا تعین کیا جائے گا۔

ایس آر ٹی اے کے چیئرمین یوسف خامس العثمانی نے کہا کہ یہ ترمیم ایندھن کی قیمتوں کو آزاد کرنے کے اصول پر مبنی ہے، کیوں کہ میٹر کھولنے کے لیے ٹیرف کو یا تو اضافہ یا کمی کے ذریعے ایڈجسٹ کیا جائے گا جو کہ وزارت توانائی کی طرف سے منظور شدہ ایندھن کی قیمتوں کے تعین کے مطابق ہے۔ علاوہ ازیں شارجہ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے شارجہ اور فجیرہ کے درمیان انٹرسٹی بس سروس بھی دوبارہ شروع کردی ہے، متحدہ عرب امارات میں شدید بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے امارات کے درمیان چلنے والی اس سروس کو روک دیا گیا تھا، سیلاب کے باعث خورفکان اور کلبہ کے راستے فجیرہ جانے والے 2 راستوں پر خدمات معطل کر دی تھیں تاہم اب اتھارٹی نے اعلان کیا ہے کہ لائن 116 (شارجہ-فجیرہ-خورفکان) کو سیلابی صورتحال کی صفائی کے آپریشن کے بعد دوبارہ کھول دیا گیا ہے، جس سے مشرقی خطے کے لیے تمام مسافر خدمات کی بحالی مکمل ہو گئی۔