امریکی پارلیمنٹ پر حملے میں ملوث سابق پولیس افسر کو 87 ماہ قید کی سزا

امریکی فیڈرل پراسیکیوٹرنے کیس میں ملزم کو 8 سال قید کی سزا کی سفارش کی تھی، ملزم پہلے ہی 13 مہینوں سے جیل میں ہے، رپورٹ

جمعہ 12 اگست 2022 19:48

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2022ء) امریکی عدالت نے کیپیٹل ہل پر حملے میں ملوث سابق پولیس افسر کو 87 ماہ قید کی سزا سنادی۔غیرملکی میڈیا کے مطابق ورجینیا پولیس کے سابق سارجنٹ پرالزام تھا کہ اس نے سابق امریکی صدر ٹرمپ کے دور حکومت کے آخری ایام میں ٹرمپ کے حامیوں کی جانب سے پارلیمنٹ کی عمارت پر کیے جانے والے حملے کی نہ صرف حمایت کی تھی بلکہ وہ اس میں خود بھی ملوث رہا۔

سابق امریکی صدر کے حامیوں کی جانب سے پارلیمنٹ کی عمارت کیپیٹل ہل پر یہ حملہ 6 جنوری 2021 کو کیا گیا جس میں متعدد افراد نے پارلیمنٹ کی عمارت پر ہلہ بولہ جب کہ ٹرمپ نے ان کی حوصلہ افزائی کی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق پولیس سارجنٹ تھامس رابرٹسن کو امریکی ڈسٹرکٹ جج کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے ملزم کو 7 سال 3 ماہ قید کی سزائی سنائی جو حملے میں ملوث افراد کو سنائی جانے والے سزاؤں میں سب سے بڑی سزا ہے جب کہ ملزم نے عدالت کے سامنے کوئی بھی بیان دینے سے انکار کردیا۔

(جاری ہے)

عدالت ملزم کو رہائی کے بعد تین سال تک اس کی نگرانی کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔امریکی فیڈرل پراسیکیوٹرنے کیس میں ملزم کو 8 سال قید کی سزا کی سفارش کی تھی، ملزم پہلے ہی 13 مہینوں سے جیل میں ہے۔عدالت نے کہا کہ وہ ملزم کی حراست کے بعد سے اس کے عمل پر حیران ہے، نہ صرف اس کے اسلحہ جمع کرنے بلکہ اس کے الفاظ سے بھی اشتعال پھیلا۔عدالت کے مطابق ملزم نے اپنے دوست سے کہا تھا کہ وہ خانہ جنگی میں مرنے اور مارنے کے لیے بھی تیارہے جب کہ اس نے 2020 کے الیکشن کے حوالے سے بھی بے بنیاد پراپیگنڈہ کیا۔