لاہور پولیس نے جشن آزادی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کے سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دیدی

جمعہ 12 اگست 2022 22:16

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2022ء) لاہور پولیس نے قیام پاکستان کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر 13 اگست کی رات اور 14 اگست(یوم آزادی) پر منعقدہ جشن آزادی کی تقریبات کے سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی ، اس حوالے سے سی سی پی او غلام محمود ڈوگر کا کہنا ہے کہ یوم آزادی پر ہوائی فائرنگ،ون ویلنگ، ہلڑبازی، روڈ بلاکنگ،ریسنگ اورخواتین سے بدسلوکی کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی،انہوں نے کہاکہ 13اگست کی درمیانی رات اور 14اگست کو دن بھر ہونے والے قومی اجتماعات، تقریبات اور ریلیوں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جائے گی، یوم آزادی کے موقع پر ون ویلنگ،ہوائی فائرنگ اور ہلڑبازی سمیت کسی بھی غیر قانونی و غیر اخلاقی سرگرمیوں کو روکنے کیلئے شہر کے مختلف مقامات پر خصوصی ناکے لگائے جائیں گے،سی سی پی او نے مزید کہا کہ یوم آزادی پر 6 ایس پیز،35 ڈی ایس پیز اور84 ایس ایچ اوز، لیڈیز پولیس اہلکار سمیت پانچ ہزار سے زائد افسران و اہلکارسکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے جبکہ ڈولفن سکواڈ،پولیس ریسپانس یونٹ اور ایلیٹ فورس ٹیمیں شاہراہوں،پارکوں اور پبلک مقامات کے گرد موثر پٹرولنگ کریں گی،اسی طرح پارکوں،تفریحی و پبلک مقامات پر پولیس کی اضافی نفری کے علاوہ اینٹی رائٹ فورس کے جوان بھی تعینات ہوں گے،سربراہ لاہور پولیس نے یوم آزادی کے موقع پر شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کا عمل مزید سخت کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مشکوک افراد اور لاوارث اشیاء پر کڑی نظر رکھی جائے اور مشتبہ گاڑیوں واشخاص کی مکمل چیکنگ یقینی بنائی جائے،سی سی پی او نے مزید کہا کہ یوم آزادی کی تقریبات کے دوران ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کے لئے مربوط ٹریفک پلان بھی تشکیل دیا گیا ہے اور ڈیوٹی پوائنٹس پر تعینات افسران و اہلکاروں کو شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنے کی ہدایت کی گئی ہے،شہریوں کی سکیورٹی اور سیفٹی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے،سی سی پی او لاہور نے والدین سے اپیل کی ہے وہ ذمہ دارای کا مظاہرہ کریں اوراپنے بچوں پر کڑی نظر رکھیں، حادثات کے امکانات کے پیش نظر کم سن بچوں کو موٹر سائیکل اور گاڑی ہرگز نہ چلانے دیں۔