انلینڈ سٹڈی ٹور، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ پشاور کے31 ویں سینئر مینجمنٹ کورس کے شرکاء کا ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ایبٹ آباد کا دورہ

پیر 15 اگست 2022 17:45

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2022ء) انلینڈ سٹڈی ٹور، اکتیسویں سینئر مینجمنٹ کورس نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ پشاور کے شرکاء افسران نے سٹڈی ٹور کے دوران ڈویژنل ہیڈ کواٹر ایبٹ آباد کا دورہ کیا۔ کمشنر ہزارہ مظاہر زیب نے شرکاء کو ہزارہ ڈویژن کے حوالہ سے بریفنگ دی۔ کمشنر ہزارہ نے بریفنگ کے دوران ہزارہ ڈویژن کے جغرافیائی خدوخال اور بڑے پن بجلی منصوبوں ، جن میں داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ، دیامیر بھاشا ڈیم، سکی کناری اور بالاکوٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ شامل ہیں، پر جاری کام اور چیلنجز کے حوالہ سے بریف کیا۔

انہوں نے ہزارہ ڈویژن میں سیاحت کے فروغ کیلئے لنگرہ/ دھمتوڑ بائی پاس کی اہمیت اور گلیات، ٹھنڈیانی کی جانب سیاحوں کیلئے سفر کے دوران سہولیات کی فراہمی کے حوالہ سے اقدامات پر روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ انہوں نے انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے خیبر پختونخوا سٹی امپرومنٹ پراجیکٹ، آبادی میں اضافہ، بے ہنگم کنسٹرکشن کی روک تھام، گراؤنڈ واٹر لیول میں کمی، مستقبل میں شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی بہم فراہمی، ایبٹ آباد میں حالیہ بارشوں کے دوران اربن فلڈنگ کی روک تھام کیلئے اقدامات اور ہزارہ ڈویژن تمام ڈیپارٹمنٹس کی مجموعی کارکردگی کے حوالہ سے بریفنگ دی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد طارق سلام مروت بھی ان کے ہمراہ موجود رہے۔