ایک سیاسی گروہ ملک کے خلاف بد ترین سازشیں ،انتشار برپا کر رہا ہے ‘ رانا تنویر حسین

آزادی کے 24 برس بعد ہم نے قائد کا آدھا ملک گنوا دیا مگر اس سانحہ سے کوئی سبق نہیں سیکھا گیا‘ وفاقی وزیر تعلیم

پیر 15 اگست 2022 22:50

ایک سیاسی گروہ ملک کے خلاف بد ترین سازشیں ،انتشار برپا کر رہا ہے ‘ رانا ..
نارنگ منڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2022ء) وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کو مشکل حالات سے نکالنے کیلئے ہم سب کو متحد ہوکر کام کام اور بس کام پر توجہ دینا ہو گی ،الحمد اللہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان ترقی و خوشحالی کی منزل پر گامزن ہے ،اسلامی جمہوریہ پاکستان کی 75ویں سالگرہ بابائے قوم کے زریں اصولوں پر عمل کا تقاضا کرتی ہے کہ ہم وطن کو عظیم سے عظیم تر بنانے میں جانی مالی ہر لحاظ سے ملک پر سب کچھ نچھاور کرنے کیلئے ہمہ وقت تیاررہیں ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جشن آزادی حقیقت میں تجدید عہد کا ایک عظیم دن ہے ،اس دن مملکت خداداد کی آزادی و خود مختاری کیلئے لاکھوں جانوں کا نذرانہ پیش کیا گیا اور پھر یہ پاک وطن حاصل ہوا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے قیام کے وقت انگریز اور ہندو نے پوری کوشش کی کہ مسلمانوں سے آزادی کا تصور ہی چھین لیا جائے جو ایک خواب بن جائے لیکن قائد اعظم کی ولولہ انگیز قیادت اور سیاسی بصیرت کے باعث وہ اس میںناکام رہے ۔

انہوں نے کہا کہ آج ایک سیاسی گروہ ملک کے خلاف بد ترین سازشیں کر رہا ہے اور ملک میں انتشار برپا کر رہا ہے جس سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے ،خدارا یہ ملک بڑی لازوال قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا ،آزادی کے 24 برس بعد ہم نے قائد کا آدھا ملک گنوا دیا مگر اس سانحہ سے کوئی سبق نہیں سیکھا گیا۔انہوں نے کہا کہ آج ہم آزادی کی باتیں تو بہت کرتے ہیں کیا ہمیں پاکستان پہنچنے والی آخری ٹرین یاد ہے حو ہماری مائوں بہنوں کی لاشوںسے بھری تھی ،خدارا آزادی کو معمولی نہ سمجھو ۔