فیصل آباد، مظاہرے میں پی ٹی آئی خواتین پر پستول تاننے والا پولیس اہلکار برطرف ، تحقیقات شروع کردی گئیں

پنجاب پولیس میں کالی بھیڑیں کسی عزت کی مستحق نہیں ،خواتین ،بچوں پر پستول تاننے والے سب انسپکٹر کے غیر قانونی فعل کا دفاع نہیں کیا جاسکتا،فواد چوہدری

منگل 16 اگست 2022 16:38

فیصل آباد، مظاہرے میں پی ٹی آئی خواتین پر پستول تاننے والا پولیس اہلکار ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2022ء) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے 25مئی کو نکالے گئے آزادی مارچ کے دوران خواتین مظاہرین پر پستول تاننے پر فیصل آباد پولیس کے ایک اہلکار کو ملازمت سے برطرف کردیا گیا۔نجی ٹی وی کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب پی ٹی آئی کی اعلی قیادت نے سوشل میڈیا پر تصویر شیئر کی جس میں اس وقت کے سرگودھا روڈ پولیس سٹیشن کے ایس ایچ او سب انسپکٹر عابد جٹ کو پارٹی کی خواتین کارکنوں پر بندوق تانے دکھایا گیا، یہ خواتین فیصل آباد سے اسلام آباد جانے والی ریلی کا حصہ تھیں۔

ایک اہلکار نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے مطالبے پر فیصل آباد پولیس کے اعلی حکام نے پولیس اہلکار کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کے ایس ایس پی آپریشنز اور تفتیشی افسر نے ملزم کو طلب کیا اور اسے اپنے موقف کے دفاع کا موقع دیا۔انکوائری افسر نے سابق ایس ایچ او کو ملازمت سے برطرف کرنے کی سفارش کی تھی۔

اہلکار نے بتایا کہ تفتیشی افسر کی سفارش پر فیصل آباد پولیس کے اعلی افسران نے سب انسپکٹر عابد جٹ کو ملازمت سے برطرف کردیا۔پی ٹی آئی کے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے عابد جٹ کے خلاف کارروائی کا دفاع کیا۔انہوں نے ٹوئٹ میں کہا کہ پنجاب پولیس میں کالی بھیڑیں عزت کی مستحق نہیں، خواتین اور بچوں پر پستول تاننے والے سب انسپکٹر کے غیر قانونی فعل کا دفاع نہیں کیا جاسکتا۔