قوی صاحب، لیجنڈ اور بہترین اداکار ہیں، ماہرہ خان

قوی خان 79سال کی عمر میں بھی نوجوان فنکاروں کے درمیان اپنا ایک الگ تھلگ مقام رکھتے ہیں ،ان سے بہت کچھ سیکھا ، اداکارہ کا لیجنڈ کو خراج تحسین

منگل 16 اگست 2022 17:47

قوی صاحب، لیجنڈ اور بہترین اداکار ہیں، ماہرہ خان
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2022ء) پاکستانی خوبرو اداکارہ ماہرہ خان نے لیجنڈری اداکار قوی خان کو سوشل میڈیا پر خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ماہرہ خان نے انسٹاگرام پر سینئر اداکار قوی خان کی تصویریں اور ان کی اداکاری کا ایک شاہکار ایک فلم سے لیا گیا ویڈیو کلپ شیئر کیا ہے۔ماہرہ خان کا اپنی پوسٹ میں لکھا کہ قوی صاحب، لیجنڈ اور بہترین اداکار ہیں، وہ 79 سال کی عمر میں بھی نوجوان فنکاروں کے درمیان اپنا ایک الگ تھلگ مقام رکھتے ہیں کیوں کہ وہ اپنے کام سے بے حد محبت کرتے ہیں، وہ ہمیشہ اپنے کام کے لیے تیار رہتے ہیں۔

ماہرہ خان نے قوی خان کی اداکاری اور ان کے بطور بہترین اداکار ہونے سے متعلق لکھا ہے کہ قوی خان اپنے ہر کردار، ہر کام سے بے حد محبت کرتے ہیں اور ان کی یہ محبت ہم اسکرین پر ان کے کرداروں میں بھی دیکھ سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

ماہرہ خان نے کہا کہ وہ مجھ سمیت سب ہی اداکاروں کے ساتھ شفقت سے پیش آتے ہیں، میں نے قوی خان صاحب سے بہت کچھ سیکھا ہے، قوی خان اپنی ناکامیوں کو بھی اپناتے ہیں۔ماہرہ خان نے کہا ہے کہ قوی خان تنقید اور تعریف دونوں میں عاجزی اور فخر قبول کرتے ہیں، قوی خان جیسے اداکار کا ہمارے درمیان ہونا ایک اعزاز کی بات ہے، الحمدللہ۔ماہرہ خان کا اپنی پوسٹ کے اختتام پر لکھنا ہے کہ محمد قوی خان صاحب، آپ میرے ہیرو ہیں۔

متعلقہ عنوان :