کوہاٹ، تعلیمی بورڈ نے انٹر کے سالانہ امتحانات میں قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے پر 6 اساتذہ پر آئندہ ہرقسم کے امتحان میں ڈیوٹی سرانجام دینے پر مستقل پابندی عائد کردی

منگل 16 اگست 2022 22:56

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2022ء)کوہاٹ تعلیمی بورڈ نے انٹر کے سالانہ امتحانات(2022) میں قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے پر 6 اساتذہ پر آئندہ ہرقسم کے امتحان میں ڈیوٹی سرانجام دینے پر مستقل پابندی عائد کردی۔باخبر ذرائع کے مطابق کنٹرولر امتحانات کوہاٹ تعلیمی بورڈ نے چند روز قبل ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز (مردانہ)کوہاٹ‘ کرک‘ ہنگو اور قبائلی سب ڈویژن درہ آدم خیل کے نام مراسلہ ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ انسپکٹرشاہد اللہ (ہیڈماسٹر گورنمنٹ ہائی سکول خرماتو ) کی شکایت پرتشکیل کردہ انکوائری کمیٹی نے مبینہ طورپر انٹرکے سالانہ امتحان(2022 ) کے دوران گورنمنٹ ہائی سکول بازیدخیل میں تعینات نگران عملہ پر قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی ثابت ہونے پر نگران عملہ میں شامل6 اساتذہ پر مستقل بنیادوں پرہرقسم کے امتحان میں ڈیوٹی دینے پر پابندی لگا نے کی سفارش کردی ہے ۔

(جاری ہے)

مراسلہ کے مطابق کنٹرولر امتحانات نے کمیٹی کی سفارش پر ان اساتذہ پرآئندہ کوہاٹ بورڈ کی حدودمیں کسی بھی قسم کے امتحان میں امتحانی ڈیوٹی دینے پرمستقل پابندی لگادی ہے جبکہ مذکورہ امتحان کے دوران ملنے والے معاوضہ کو ضبط کرنے سمیت متعلقہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفسیرز سے اٴْن کے خلاف مزید محکمانہ انکوائری کرنے کا کہا گیا ہے۔ ان اساتذہ میں انعام اللہ گورنمنٹ ہایئر سیکنڈری سکول کرک‘ وسیم اللہ گورنمنٹ ہائی سکول ترخہ کوئی کرک‘ مقصود انور گورنمنٹ ہائی سکول کیرڑوسام کوہاٹ‘ عبدالصمد گورنمنٹ ہائی سکول نمبر2 کوہاٹ اور شیر ولی خان گورنمنٹ پرائمری سکول نمبر 1 دلن ہنگو شامل ہیں۔