ملیر ندی میں ڈوبنے والی گاڑی مل گئی، اس میں سوار 7 افراد لاپتہ

جمعرات 18 اگست 2022 21:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اگست2022ء) ملیر ندی میں ڈوبنے والی گاڑی مل گئی، اس میں سوار 7 افراد لا پتا ہیں۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ملیر میں لنک روڈ پر ندی میں ڈوبنے والی سفید رنگ کی کار ریسکیو نے تلاش کر لی، تاہم ان کا کہنا تھا کہ گاڑی میں کسی شخص کی لاش موجود نہیں تھی۔ریسکیو اداروں کے مطابق کار میں میاں بیوی اور ان کے 4 بچوں سمیت ڈرائیور بھی سوار تھا، کار سوار افراد کی لاشیں پانی کے بہاؤ سے آگے بہہ گئی ہوں گی، جن کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

ذرائعکے مطابق ڈوبنے والوں کا تعلق کراچی سے تھا، گزشتہ رات یہ خاندان کہیں جا رہا تھا کہ بپھری ہوئی ملیر ندی کے بہاؤ کی زد میں آ گئے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ گاڑی میں سوار افراد کا کوئی پتا نہیں چل سکا ہے، رات کو اطلاع ملتے ہی ریسکیو اداروں نے پہنچ کر تلاش کا کام شروع کر دیا تھا، اس بات کا بھی علم نہیں ہو سکا ہے کہ سوار افراد خود ہی گاڑی سے نکل کر محفوظ مقام پر چلے گئے ہوں۔

(جاری ہے)

واقعے کو تقریباً 12 گھنٹے ہو چکے ہیں، آدھی رات کو اندھیرے کے باعث ریسکیو آپریشن روک دیا گیا تھا، صبح ہوتے ہی آپریشن دوبارہ شروع کر دیا گیا، اور اس دوران گاڑی تو مل گئی لیکن اندر کوئی موجود نہیں تھا۔ادھر کراچی میں جاری حالیہ بارشوں کے باعث کورنگی کاز وے اور کراسنگ روڈ پر سیلابی صورت حال ہے، ایک بڑا ریلا روڈ پر گزر رہا ہے، جس سے قریبی آبادی مہران ٹاؤن میں پانی داخل ہونے کا خدشہ ہے۔ٹریفک پولیس نے کورنگی کازوے اور کراسنگ مکمل طور پر ٹریفک کے لیے بند کر دیے ہیں، جب کہ مہران ٹاؤن میں حفاظتی اقدامات کے لیے انتظامیہ سے رابطہ کیا گیا ہے۔#