گندم کی اسمگلنگ روکنے کیلئے جامع لائحہ عمل مرتب کرنا ہو گا،سید حسن مرتضیٰ

جمعرات 18 اگست 2022 22:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2022ء) پارلیمانی لیڈروجنرل سیکرٹری پیپلزپارٹی پنجاب سید حسن مرتضیٰ نے ملک میں گندم کے بڑھتے ہوئے بحران پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ گندم کی خریداری درہم برہم ہونے سے آٹے کا بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے،مناسب قیمت نہ ملنے اور مہنگی کھاد کی وجہ سے مطلوبہ پیداواری ہدف حاصل ہونا ممکن نہیں،جمعرات کو یہاں اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار برسوں کی غلط پالیسیوں کی سزا عام آدمی بھگت رہاہے،گندم کی کاشت میں کمی، پانی کی قلت اور کھاد بحران سے پاکستان کا کسان تنگ ہے،گندم کی سپورٹ پرائس کے اعلان میں تاخیرسے کاشت میں 2فیصد کمی اور ذخیرہ اندوزوں کو فائدہ پہنچا،حسن مرتضی نے مزید کہا کہ تبدیلی سرکار کی مجرمانہ غفلت اوربد انتظامی سے کھاد بحران پیدا ہوا، فصلوں کی مناسب اور منصفانہ قیمت نہ ملنا کسانوں کا معاشی استحصال ہے،گندم کی اسمگلنگ اور چوری روکنے کیلئے جامع لائحہ عمل مرتب کرنا ہو گا،انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت فوری طور پر اجناس دوست پالیسی کا اعلان کرے، پیپلزپارٹی ملک کو گندم بحران سے نجات دلانے میں اپنا کردار ادا کریگی،خوش حال کسان زرعی طور پر مستحکم پاکستان کی ضمانت ہے۔