ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ایسٹ کا تمباکونوشی سے پاک ہوٹل ، ریسٹورنٹ مہم کا افتتاح

جمعہ 19 اگست 2022 23:08

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2022ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ایسٹ، ہیڈ ٹوبیکو کنٹرول سیل عمیمہ سولنگی نے یونیورسٹی روڈ گلشن اقبال فوڈ سٹریٹ سے سندھ فوڈ اتھارٹی کے افسران کے ہمراہ تمباکو نوشی سے پاک ہوٹل، ریسٹورنٹ مہم کا افتتاح کیا۔ جمعہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق تمباکو نوشی سے پاک ہوٹل، ریسٹورنٹ مہم میں سندھ فوڈ اتھارٹی کے افسران میں محبوب علی بھٹی فوڈ سیفٹی آفیسر، ڈسٹرکٹ ایسٹ کے ٹیم انچارج، ایراج خورشید فوڈ سیفٹی آفیسر، اسسٹنٹ صدام حسین دھکن، سہیل اور شرجیل شامل تھے۔

مہم کا آغاز کرتے ہوئے عمیمہ سولنگی نے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر ٹوبیکو کنٹرول سیل کراچی ایسٹ اور سندھ فوڈ اتھارٹی کی ٹیم کے ہمراہ ہوٹل، ریسٹورنٹس مینیجرز کو آگاہ کیا کہ وہ ہوٹل ریسٹورنٹ کے احاطے کے اندر کسی کو سگریٹ نوشی نہ کرنے دیں اور ساتھ ہی کہا کہ وہ سگریٹ نوشی نہ کرنے کے نشانات کو داخلی راستہ اور احاطے کے اندر لازمی چسپاں کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ریسٹورنٹ منیجرز کو یہ بھی بتایا کہ تمباکو نوشی کی روک تھام کے قوانین کی خلاف ورزی کی صورت میں ضلع شرقی کی انتظامیہ کی جانب سے سخت ایکشن لیا جائے گا کیونکہ یہ انسانی صحت کا معاملہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈپٹی کمشنر ایسٹ کی ہدایت پر انتظامیہ تمباکو نوشی کی روک تھام کے قوانین کی پاسداری کو یقینی بنا رہی ہے اور عوام میں شعور بیدار کر رہی ہے تاکہ آنے والی نسلوں کو تمباکو کے استعمال کے مہلک اثرات سے بچایا جا سکے۔ تاہم مسعود بھٹو ڈپٹی ڈائریکٹر سندھ فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پر محبوب علی ٹیم انچارج نے ضلع شرقی میں ہوٹل ریسٹورنٹ پر تمباکو نوشی کی روک تھام کے قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے سندھ فوڈ اتھارٹی کے تعاون کا یقین دلایا۔