کمشنر ملتان عامر خٹک کی مرتبہ کتاب "مقالات ملتان نمبر5"شائع ہو گئی

بدھ 24 اگست 2022 21:20

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اگست2022ء) پانچویں ریشم دلان ملتان کانفرنس کے موقع پر کمشنر ملتان ڈویژن عامر خٹک کی مرتبہ کتاب مقالات ملتان نمبر 5 شائع ہوگئی ہے۔دوسو صفحات پر مشتمل کتاب میں ملتان کی تاریخ ،تہذیب، ثقافت، سماجی حیثیت اورسیاسی صورت حال پر ڈاکٹر اسلم انصاری، ڈاکٹر اسد اریب، ڈاکٹر حنیف چوہدری، معمار ملتان ٹی ہاؤس زاہد سلیم گوندل، سابق ڈپٹی کمشنر ملتان عامر کریم خان، پروفیسر حفیظ الرحمن، ڈاکٹر مختار ظفر،پروفیسر اصغر ندیم سید، ڈاکٹر غضنفر مہدی،ڈاکٹر محمد امین، خالد مسعود خان، رضی الدین رضی،روف کلاسرا ، سجاد جہانیہ، مختار پارس ،عامر ہاشم خاکوانی اور شاکر حسین شاکر کے مضامین شامل ہیں۔

اس کے علاوہ معروف شاعر قمر رضا شہزاد کی ملتان کے بارے نظم بھی کتاب کا حصہ ہے۔

(جاری ہے)

کتاب کے دیباچہ میں اس کانفرنس کے دوسری مرتبہ میزبان بننے والے انجئیر عامر خٹک نے ملتان میں اپنے قیام کے دوران یادوں کو قلم بند کیا ہے۔کتاب میں ماضی میں ریشم دلان ملتان کانفرنس کا حصہ بننے والے چار مرحومین مسعود اشعر، بشری رحمان، پروفیسر حسین سحر اور پروفیسر شوکت مغل کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔

مقالات ملتان نمبر 5کی اشاعت پر معروف شاعر، کالم نگار، ادیب اورملتان ٹی ہاؤس کے جنرل سیکریٹری خالد مسعود خان نے کہا کہ ملتان ٹی ہاؤس اس وقت واحد ادارہ ہے۔جو ہر سال ملتان کی تاریخ کے مختلف پہلوؤں پر نامور لکھنے والوں سے ان کے مقالات کے ذریعے نئے ملتان سے نہ صرف ملاقات کروا رہا ہے۔بلکہ ایسے مقالات کو کتابی شکل میں شائع کر کے آنے والے محققین ملتان کے لئے نئے گوشے متعارف کروا ہے۔انھوں مزید کہا کہ 3 ستمبر 2022ءکو ہونے والی اس کانفرنس کے تمام شرکاءکو دبیز کاغذ پر چھپی کتاب تحفہ کے طور پر پیش کی جائے گی۔یاد رہے اس سال ریشم دلان ملتان کانفرنس کی صدارت چئیرمین اکادمی ادبیات پاکستان ڈاکٹر یوسف خٹک کریں گے۔جبکہ میزبان انجئیر عامر خٹک ہوں گے۔