قومی اسمبلی کی خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات کی تاریخ کا اعلان

قومی اسمبلی کی 8 نشستوں پر پولنگ 16اکتوبر کو ہوگی، پہلے پولنگ کی تاریخ 9 اکتوبر رکھی گئی تھی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 14 ستمبر 2022 18:29

قومی اسمبلی کی خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات کی تاریخ کا اعلان
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 ستمبر 2022ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کی خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات کی تاریخ کا اعلان کردیا، قومی اسمبلی کی 8 نشستوں پر پولنگ 16اکتوبر کو ہوگی، قومی اسمبلی کی 8 نشستوں پر پہلے پولنگ کی تاریخ 9 اکتوبر رکھی گئی تھی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق این اے 22 مردان، این اے 24 چارسدہ، این اے 31 پشاور، این اے 45 کرم، این اے108 فیصل آباد، این اے 118 ننکانہ صاحب، این اے 237، این اے 239 میں ضمنی الیکشن 23 اکتوبر کو ہونگے۔

دوسری طرف لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر 3 صوبائی اور 1 قومی اسمبلی کی نشست پر پولنگ کی تاریخ تبدیل کر دی گئی ہے، این اے 157 ملتان، پی پی139، پی پی 209 خانیوال، پی پی 241 میں پولنگ 16 اکتوبر کو ہوگی۔دوسری جانب کل 13 ستمبر2022ء کو ضمنی الیکشن ملتوی کرنے پر پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کردیا ہے، عدالت نے الیکشن کمیشن سے 16 ستمبر تک جواب طلب کرلیا ، عوامی نیشنل پارٹی نے ضمنی انتخابات ملتوی کرنے کے فیصلے کو ہائیکورٹ میں چیلنج کیا ہے۔

(جاری ہے)

پشاور ہائی کورٹ سماعت میں ضمنی الیکشن ملتوی کرنے کے الیکشن کمیشن فیصلے کیخلاف درخواست پرسماعت ہوئی ۔ جسٹس لعل جان خٹک اور جسٹس شکیل احمد پر مشتمل دو رکنی بنچ نے سماعت کی ۔وکیل درخواست گزار نے عدالت کو بتایاکہ الیکشن کمیشن نے سیلاب کیوجہ سے 25 ستمبر کوہونے والا ضمنی الیکشن ملتوی کیا۔ آئین کے مطابق نشست خالی ہونے کی صورت میں 60 دن کے اندر الیکشن لازمی ہے۔

جسٹس لعل جان خٹک نے استفسار کیاکہ الیکشن کمیشن نے انتخابات ملتوی کرنے کی کیا وجوہات بتائی ہے۔ وکیل ایمل ولی نے بتایا کہ الیکشن کمیشن سیلاب کا بتایا ہے کہ سیلاب کیوجہ سے معمولات زندگی متاثر ہوئی ہے،چارسدہ میں سیلاب کے بعد اب صورتحال نارمل ہے متاثرہ لوگ بھی اپنے گھروں کو واپس جاچکے ہیں۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کردیا، 16 ستمبر تک جواب طلب کرلیا ۔یادرہے کہ اے این پی کے صوبائی صدرایمل ولی نے الیکشن کمیشن کے 25 ستمبرکوضمنی انتخابات ملتوی کرنے کے فیصلے کوہائیکورٹ میں چیلنج کیاہے۔قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 24 چارسدہ سے ایمل ولی خان پی ڈی ایم کے امیدوار ہیں۔