جاری ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے، ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ

اتوار 18 ستمبر 2022 14:00

مظفرگڑھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2022ء) ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ علی عنان قمر نے کہا ہے کہ ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے،کام اور مٹیریل کے معیار کو بہتر سے بہتر رکھا گیا ہے،جو منصوبے مکمل ہو چکے ہیں ان کا افتتاح متعلقہ ممبر صوبائی اسمبلی سے کرایا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے ضلعی ڈویلپمنٹ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

ممبر صوبائی اسمبلی عون حمید ڈوگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کے سست روی کا شکار منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے اور جن منصوبوں کے فنڈ زمکمل آ چکے ہیں ان کو فوری طور پر مکمل کیا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جس حلقے میں کام کیا جا رہا ہے وہاں کے ممبر صوبائی اسمبلی سے کام کے بارے میں مکمل مشاورت کی جائے اور ان سے مسلسل رابطہ رکھا جائے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع کے مالی سال 2022-23 میں حلقہ پی پی 276کے 31 جاری منصوبوں کوشاملک کیا گیا ہے۔جن پر31 جون 2022 تک83 کروڑ 78 لا کھ روپے خرچ کیے جا چکے ہیں۔مالی سال 2022-23 میں ان منصوبوں کے لیے 1 ارب 7 کروڑ 51لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ ممبر صوبائی اسمبلی عون حمید ڈوگر نے کہا کہ کہ علاقے میں عوام کی فلاح و بہبود کے لئے تعلیم و صحت،سڑکوں کی تعمیر و مرمت،گلی اور نالیوں کی تعمیر و مرمت اورکھالوں کی مرمت کے منصوبے پر کام کرایا جارہا ہے،جس سے علاقے کی عوام کو ریلیف اور بنیادی سہولیت میسر ہونگی۔

انہوں نے کہا کہ مستقبل میں بھی علاقے کی ترقی اور عوام کی فلاح کے لیے کام کرتے رہیں گے۔اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ انعم حفیظ، ایس ڈی او پبلک ہیلتھ طالب حسین،ایس ڈی او ہائی وے عبدالعزیز،رائے ظفر اقبال سی او ضلع کونسل، ایس ڈی او بلڈنگ وقارارشد، سپرنٹنڈنٹ ثناء الرحمن، ایس ڈی او لوکل گورنمنٹ نبیل افضل سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔