سندھ میں سیلاب متاثرین کی مدد کے لئیفرینڈز ویلفیئر ٹرسٹ نے کویت حکومت کے تعاون سے سعید اباد میں طبی امداد کیمپ لگایا

جمعہ 23 ستمبر 2022 18:19

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2022ء) سندھ کے علاقے سعید آباد میں بارشوں کے بعد گھروں اور فصلوں کے زیر آب آجانے کی وجہ سے علاقے کے 250 گاوں کی 35ہزار افراد پر مشتمل آبادی متاثر ہوئی ہے۔ ان افراد کے مدد کے لئے کویتی حکومت کی معاونت سے فرینڈز ویلفیئر ٹرسٹ کے پیٹرن انچیف پاک فضائیہ کے سابق سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان، ٹرسٹ کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر افتخار نیازی اپنی ٹیم کے ہمراہ سندھ کے علاقے سعید آباد پہنچے جہاں متاثرین سیلاب میں راشن کی تقسیم کی گئی۔

اس موقع پر کویتی فلاحی تنظیموں کے وفد نے بھی شرکت کی اور کویتی وفد کے اراکین نے بھی متاثرین سیلاب کی معاونت کیلئے راشن تقسیم میں حصہ لیا۔ سیلاب متاثرین کی معاونت کے لئے پاک فضائیہ کی امدادی ٹیمیں پہلے ہی علاقے میں موجود ہیں۔

(جاری ہے)

پاک فضائیہ کی ٹیم نے فرینڈز ویلفئر ٹرسٹ کی بھر پور معاونت کی۔ راشن کی تقسیم کے ساتھ ساتھ متاثرین کو طبی امداد بھی فراہم کی گئی۔

علاقے کی زمینی صورتحال دیکھتے ہوئے فرینڈ ویلفیئر ٹرسٹ نے متاثرین میں نقد امداد، گیسٹرو کی بیماری کی روک تھام کے لئے ٹینکرز کے زریعے پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور تیار کھانا کی فراہمی شروع کردی گئی ہے۔ فرینڈز ویلفیئر ٹرسٹ کی جانب سے علاقے میں طبی کیمپ بھی لگایا گیا ہے۔ جہاں مختلف امراض خصوصا بخار، ملیریا، ڈینگی، گیسٹرو، اور جلدی امراض کی تشخیص اور ادویات فراہم کی جارہی ہیں۔

فرینڈز ویلیفئر ٹرسٹ کے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیک ٹیم لوگوں کا علاج کررہی ہیں۔فرینڈ ویلفیئر کے چیئرمین قاسم شاہ کی ہدایت کے مطابق علاقے سے پانی کی نکاسی کے بعد سیلاب سے متاثرہ اسکول کی بحالی کا عمل فوری شروع کردیا جائے گا۔ عمارت کی مرمت اور تزین و آرائش کے بعد لڑکے اور لڑکیوں کی تعلیم کا سلسلہ جلد شروع کیا جائے گا۔ اسکول کی انتظامیہ کو مقامی افراد کے تعاون سے بہتر بنایا جائے گا۔

سہیل امان نے علاقے کی صورتحال پر دلی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ کویتی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے مشکل وقت میں پاکستانی قوم کا ساتھ دیا اور ان کے وفد نے ازخود آکر لوگوں کی مدد کی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ وقت ہے کہ ہم سب کو اکھٹا ہوکر ایک جان ہوکر کام کرنا ہوگا۔ اور اپنے سیاسی، گروہی غرض ہر قسم کے اختلافات بھلا کر سیلاب میں گھرے متاثرین کی مدد کیلئے آگے آنا ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ کویت میں مقیم پاکستانیوں کے اشتراک سے فرینڈز ویلفیئر ٹرسٹ کا قیام عمل میں لایا گیا جو کہ راولپنڈی میں ایک فلاحی اسپتال چلا رہی ہے۔ اس ہسپتال میں مفت ڈائلیسس کی سہولت بھی فراہم کی جارہی ہے۔حالیہ سیلاب میں فرینڈز ویلیفئر ٹرسٹ نے خیبر پختون خواہ پنجاب اور اب سندھ میں فلاحی کاموں کا آغاز کیا ہے۔ فرینڈز ویلیفئر ٹرسٹ علاقے میں پینے کے پانی کی فراہمی کے لئے فوری طورپر فلٹریشن پلانٹس لگانے کا کام بھی شروع کررہی ہے۔ جبکہ اپنی بساط کے مطابق گھروں کی روبارہ تعمیر کیلئے معاونت بھی کی جائے گی۔