نوابزادہ نصراللہ خان کی 19ویں برسی (آج)منائی جائیگی

اتوار 25 ستمبر 2022 10:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2022ء) بابا ئے جمہوریت نوابزادہ نصراللہ خان کی 19ویں برسی آج (پیر)کے روز منائی جائے گی ۔نوابزادہ نصر اللہ خان کی پیدائش خان گڑھ ہوئی اورانہوں نے اپنے سیاسی کیرئیر کا آغاز 1930 کی دہائی میں مجلس احرار سے کیا۔آل پارٹیز کانفرنسز ہو یا جمہوری اتحاد کے قیام کا اعلان،ملک بھر میں کوئی بھی سیاسی سر گرمی نوابزادہ نصراللہ خان کے بغیر نا ممکن تھی۔

(جاری ہے)

نوابزادہ نصراللہ خان نے آمریت کے خلاف اور جمہوریت کیلئے طویل جدو جہد کی جس کی بنا ء پر انہیں بابا ئے جمہوریت کا لقب دیا گیا۔نوابزادہ نصراللہ خان مرحوم کی برسی کے سلسلہ میں مرکزی تقریب ان کے آبائی گائوں خان گڑھ میں ان کے صاحبزادے وزیر ریونیو نوابزادہ منصور احمد خان کی رہائشگاہ پر منعقد ہو گی جبکہ ملک بھر میں تقریبات منعقد ہوں گی جس میں ان کی روح کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کی جائے گی ۔یاد رہے کہ نوابزادہ نصراللہ خان 26 ستمبر 2003 کو جہان فانی سے کوچ کر گئے تھے۔