آئی جی پنجاب کا قذافی اسٹیڈیم کادورہ، پاک انگلینڈ ٹی ٹونٹی کرکٹ سیریز کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا

جمعرات 29 ستمبر 2022 00:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 ستمبر2022ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب فیصل شاہکار نے کہاہے کہ لاہور میں پاک انگلینڈ ٹی ٹونٹی کرکٹ سیریز کے تینوں میچز کے لیے فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ شائقین کرکٹ میچز سے بھرپور انداز میں لطف اندوز ہوسکیں۔ آئی جی نے کہاکہ کھلاڑیوں، میچ آفیشلز اور دیگر سٹاف کو اسٹیٹ گیسٹ سکیورٹی فراہم کی جائے گی جبکہ میچز کے دوران ٹیموں کے ساتھ ساتھ کرکٹ شائقین کی سکیورٹی کیلئے بھی بھرپور اقدامات کئے گے ہیں۔

آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ میچز کی سکیورٹی کیلئے لاہور میں شاہرات پر موجود سیف سٹی کیمروں کی مانیٹرنگ سے بھرپور استفادہ کیا جائے جبکہ ڈولفن، پیرو اور دیگر سکیورٹی ٹیمیں ہوٹل اور اسٹیڈیم کے گرد و نواح میں پٹرولنگ جاری رکھیں۔

(جاری ہے)

آئی جی نے ہدایت کی کہ میچز کے دوران کرکٹ اسٹیڈیم، ہوٹل اور روٹس سے ملحقہ شاہرات پر ٹریفک کی بلا تعطل روانی کو برقرار رکھنے کیلئے سی ٹی او لاہورموثر حکمت عملی کے تحت بہترین انتظامات یقینی بنائیں، کسی راستے کو غیر ضروری طور پر بند نہ کیا جائے، اضافی وارڈنز ڈیوٹی پر موجود رہیں، میچ دیکھنے کیلئے آنے والے شائقین بالخصوص فیملیز کی سہولت کیلئے ترجیحی اقدامات کئے جائیں اور غیر ملکی شائقین کرکٹ کی سکیورٹی کو بھی مد نظر رکھا جائے تاکہ وہ کرکٹ مقابلوں سے لطف اندوز ہوتے ہوئے پاکستان سے امن و محبت کا پیغام لے کر واپس جائیں۔

ان خیالات کا اظہار آئی جی پنجاب نے قذافی کرکٹ اسٹیڈیم کے اچانک دورے کے موقع پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔سی سی پی او لاہور اور ڈی آئی جی آپریشنز نے آئی جی پنجاب کو سکیورٹی انتظامات بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتا یا کہ لاہور پولیس کے ساڑھے 8 ہزار سے زائد اہلکار و افسران ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں اور ٹیموں کے روٹس، ہوٹلز اور اسٹیڈیم کے اندر و باہر سیف سٹی نیٹ وک سمیت سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کا عمل جاری ہے۔