لاڑکانہ، سابق وفاقی وزیر مخدوم امین فہیم کی ساتویں برسی منائی گئی

پیر 21 نومبر 2022 22:57

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2022ء) سابق وفاقی وزیر پاکستان کے سینئر سیاستدان اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمینٹرین کے سابق صدر مرحوم مخدوم امین فہیم کی ساتویں برسی مٹیاری کے شہر ہالا میں منائی گئی۔ برسی کے موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ضلع بھر میں سرکاری تعطیل کا اعلان کیا تھا۔

(جاری ہے)

مخدوم امین فہیم 4 اگست 1939 کو ہالا میں پیدا ہوئے، وہ 1977 سے 2015 تک پارلیمنٹ کا حصہ رہے،سات مرتبہ قومی اسمبلی کے رکن اور ایک مرتبہ سندھ اسمبلی کے رکن رہے جبکہ دو مرتبہ وفاقی وزیر بھی بنے۔

مخدوم امین فہیم کی ساتویں برسی کے موقع پر درگاہ سرور نوح میں قرآن خوانی اور مزار پر چادر بھی چڑھائی گئی۔درگاہ کے گدی نشین اور سروری جماعت کے روحانی پیشوا مخدوم جمیل الزماں نے اپنے والد کی درگاہ پر حاضری دی۔واضح رہے کہ مخدوم امین فہیم بلڈ کینسر میں مبتلا رہنے کے بعد 21 نومبر 2015 کو کراچی کے نجی ہسپتال میں انتقال کر گئے تھے۔