مریدکے،دیرینہ دشمنی پر دو حقیقی بھائیوں کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا ،ملزمان فرار

مقتولین کا تعلق بٹ گروپ سے ہے ،اس گروپ کے ابتک 22افراد قتل ہوچکے ‘پولیس

جمعہ 25 نومبر 2022 22:30

مریدکے،دیرینہ دشمنی پر دو حقیقی بھائیوں کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا ..
مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 نومبر2022ء) مریدکے کی آبادی رمضان کالونی میں دیرینہ دشمنی پر دو حقیقی بھائیوں کو قتل کر دیا گیا ، مقتولین کا تعلق بٹ گروپ سے ہے اور اس گروپ کے ابتک 22افراد قتل ہوچکے ۔

(جاری ہے)

بتایا جاتا ہے کہ سابق کونسلر اعجاز عرف ججی بٹ مرحوم سے تعلق رکھنے والے پچیس سالہ شہزاد عرف شادا بٹ اور بائس سالہ سلمان عرف ہما بٹ گھر کے باہر بھینسوں کو چارہ ڈال رہے تھے کہ مبینہ طور پر دو موٹر سائیکلوں پر چار مسلح افراد نے جدید اسلحہ سے اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جسکے نتیجہ میں دونوں بھائی موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ حملہ آور فرار ہوگئے ۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور نعشیں پوسٹ مارٹم کیلئے ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیں ۔پولیس کے مطابق مقتولین کا تعلق بٹ گروپ سے ہے اس گروپ کی ایک گروپ سے دشمنی چلی آرہی ہے بٹ گروپ کے ابتک بائس افراد قتل ہوچکے ہیں جبکہ دوسرے گروپ کے بھی بیس سے زائد افراد قتل ہوچکے ہیں ۔وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ۔