روس سے تیل کی خریداری، پاکستان کو امریکا کا گرین سگنل مل گیا

پاکستان کی تیل کی ضروریات سمجھ سکتے ہیں، دیگر حکومتوں پر بھی سستا تیل خریدنے کیلئے دبائوہے، امریکی وزارت خارجہ

بدھ 30 نومبر 2022 22:44

روس سے تیل کی خریداری، پاکستان کو امریکا کا گرین سگنل مل گیا
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 نومبر2022ء) امریکا نے پاکستان کو روس سے تیل برآمد کرنے کیلئے گرین سگنل دے دیا۔امریکی وزارت خارجہ کے مطابق امریکا نے روس پر تیل برآمد کرنے کے لیے اب تک پابندیاں نہیں لگائیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تیل کی ضروریات سمجھ سکتے ہیں، دیگر حکومتوں پر بھی سستا تیل خریدنے کیلئے دبائوہے۔امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ ہر ملک کو اپنے حالات اور تیل کی ضروریات کے مطابق فیصلہ لینا ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ اتحادیوں کے ساتھ مل کر مہنگے تیل کے عالمی منڈی پر اثرات سے نمٹنے کی کوشش کر رہے ہیں۔امریکی وزارت خارجہ نے کہا کہ لمبے عرصے تک روسی تیل پر دار و مدار کم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔امریکی وزارت خارجہ نے نئے آرمی چیف کی تعیناتی کو پاکستان کا اندرونی معاملہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ خطے میں استحکام کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے۔تحریک طالبان پاکستان کے حکومت کے ساتھ معاہدہ توڑنے پر ترجمان نے کہا تھا کہ ٹی ٹی پی جیسے خطرات سے نمٹنا پاکستان اور امریکہ کا مشترکہ مفاد ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام دہشت گرد گروہوں اور عسکریت پسندوں کے خلاف موثر کارروائی کی توقع ہے۔