اداروں میں بغاوت اکسانے کا مقدمہ،شہباز گل اور عماد یوسف کیخلاف فرد جرم کی کارروائی 12دسمبر تک موخر کردی گئی

ہفتہ 3 دسمبر 2022 14:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2022ء) تحریک انصاف کے رہنماء شہباز گل کیخلاف فرد جرم کی کارروائی 12دسمبر تک موخر کردی گئی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق اداروں میں بغاوت اکسانے کے مقدمے کے پی ٹی آئی رہنمائوں شہباز گل اور عماد یوسف کیخلاف ہفتہ کو بھی فرد جرم عائد نہ ہو سکی،بغاوت پر اکسانے کے مقدمے میں فرد جرم عائد کرنے کیلئے ایڈیشنل سیشن جج ارشد محمود نے بطور ڈیوٹی جج سماعت کی، تاہم شہبازگل اور عماد یوسف عدالت میں پیش نہ ہوئے۔

شہبازگل اور عماد یوسف کے وکیل نے دونوں ملزمان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں پیش کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ شہباز گل دمہ کے مریض اور آج بیمار ہیں، اس لئے عدالت پیش نہیں ہو سکتے جبکہ عماد یوسف نے کراچی سے آنا تھا لیکن انہیں فلائٹ کا ٹکٹ نہیں مل سکا۔عدالت نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے شہباز گل کے خلاف فرد جرم کی کارروائی 12 دسمبر تک موخر کردی۔