سیدہ نوشین افتخار نے موضع ستراہ میں نادرا آفس کا افتتاح کر دیا

پاکستان مسلم لیگ (ن)ہی وہ واحد جماعت ہے جو ملک کو بحرانوں سے نکال سکتی ہے،وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے انسانی حقوق کا خطاب

اتوار 4 دسمبر 2022 20:30

سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2022ء) وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے انسانی حقوق سیدہ نوشین افتخار نے سیالکوٹ کی تحصیل ڈسکہ کے موضع ستراہ میں نادرا آفس کا افتتاح کر دیا۔ نادرا آفس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ملک و قوم کی سلامتی اور استحکام کے لیے کام کیا ہے ، پاکستان مسلم لیگ (ن)ہی وہ واحد جماعت ہے جو ملک کو بحرانوں سے نکال سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرے مرحوم والد سید افتخار الحسن المعروف ظاہرے شاہ بھی اسی حلقہ سے انتخاب لڑتے تھے ، عوام کی خدمت کا جو مشن یہاں انہوں نے شروع کیا میں اسے لیکر آگے بڑھ رہی ہوں اور آپ لوگوں کو یقین دلاتی ہوں کہ میں اور میرا بھائی سید عطاالحسن شاہ پہلے بھی آپ کے ساتھ کھڑے تھے،اب بھی کھڑے ہیں اور مستقبل میں بھی آپ لوگوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے اور اپنے حلقہ کے عوام کی ترقی کے لیے کام کرتے رہیں گے۔

(جاری ہے)

پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ موضع ستراہ میں نادرا آفس کے قیام سے یہاں کے مقامی لوگوں کی مشکلات میں کمی آئے گی اور یہی ہمارا مشن بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے سفر کو جاری رکھیں گے اور عوام کے لیے مذید آسانیاں پیدا کریں گے ۔پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سٹی صدر ڈسکہ محمد افضل منشا، سابق ایم پی ایشاہد محمود بٹ، حاجی شوکت ساہی، چوہدری محمد آصف سندھو، احمد وڑائچ ایڈووکیٹ سمیت مختلف یونین کونسلز کے چئیرمین بھی اس موقع پر موجود تھے۔