انگلینڈ کو مبارک ہو، دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کم بیک کرے گا،وزیراعظم

وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے اعزاز میں تقریب، شہبازشریف نے قومی ٹیم سے ملتان ٹیسٹ جیتنے کا وعدہ لے لیا

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری پیر 5 دسمبر 2022 21:50

انگلینڈ کو مبارک ہو، دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کم بیک کرے گا،وزیراعظم
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 5دسمبر 2022) انگلینڈ کو مبارک ہو، دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کم بیک کرے گا،وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے اعزاز میں تقریب، شہبازشریف نے قومی ٹیم سے ملتان ٹیسٹ جیتنے کا وعدہ لے لیا۔تفصیلات کے مطابق اسلام آبادمیں وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی اس تقریب میں وفاقی وزرا، سفارتکاروں، چیئرمین پی سی بی سمیت دونوں ٹیموں کے کرکٹرز نے شرکت کی۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ امید ہے پاکستان دوسرا ٹیسٹ جیتے گا، انگلینڈ کو مبارک ہو ، دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کم بیک کرے گا، بڑی قربانیوں کے بعد پاکستان میں امن قائم ہوا ، دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستانی فورسز اور عوام نے بڑی قربانیاں دی ہیں، سترہ سال بعد انگلش ٹیم نے پاکستان میں کرکٹ کھیلی ،
پاکستان اور انگلینڈکے درمیان کرکٹ مشترک ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ انگلش کپتان بین اسٹوکس سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے آگے آئے ان کے مشکور ہیں۔ وزیراعظم نے تقریب کے بعد صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو بھی کی اور کہا کہ پاکستان میں کھیلوں کی ترقی کیلئے کوشاں ہیں۔وزیراعظم نے ڈپارٹمنٹل اسپورٹس کی بحالی کے حکم نامے پر عمل درآمد نہ ہونے کا نوٹس بھی لیا اور اس حوالے سے رپورٹ طلب کرلی۔

تقریب سے خطاب میں چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے کہا کہ انگلینڈ ٹیم کی اپروچ برینڈن میک کولم کے آنے سے تبدیل ہوئی، انگلش ٹیم کی جیت کا کریڈٹ کوچ کو جاتا ہے۔چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے کہا کہ پاکستانی ٹیم انگلینڈ کا ملتان میں بھرپور مقابلہ کرے گی، ملتان میں ایک نئی کرکٹ نظر آئے گی۔ واضح رہے کہ انگلینڈ نے راولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستان کو شکست دیکر 3 میچز کی سیریز میں ایک صفر سے برتری حاصل کرلی اور اس جیت کے ساتھ قومی ٹیم کی ٹیم ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچنے کی امیدیں دم توڑنے لگیں۔

آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2021-23 کے پوائنٹس ٹیبل پر آسٹریلیا 72.73 فیصد پوائنٹس کے ساتھ سر فہرست ہے۔ جنوبی افریقا 60 فیصد کے ساتھ دوسرے، سری لنکا 53.33 فیصد پوائنٹس کے ساتھ تیسرے، بھارت 52.08 فیصد کے ساتھ چوتھے اور پاکستان 46.67 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر ہے جبکہ ویسٹ انڈیز، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ بالترتیب چھٹے، ساتویں اور آٹھویں نمبر پر ہیں۔

پاکستان کو ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل تک رسائی کیلئے انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے 5 ٹیسٹ میچز میں کامیابی ضروری ہے۔ آسٹریلیا اور بھارت اپنی اپنی ٹیسٹ سیریز جیت جاتے ہیں تو پاکستان فائنل کی دوڑ سے باہر ہوجائے گا۔ ہوم سیریز میں پاکستان کی شکست کے بعد بھارت کے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچنے کے امکانات روشن ہوجائیں گے، اگر آسٹریلیا سے ایک ٹیسٹ میں بھارت کو شکست ہوجاتی ہے تو اسے بنگلادیش کے خلاف کلین سوئپ کرنا ہوگا۔

اگر آسٹریلیا ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں بھی کامیابی حاصل کرلیتا ہے اور جنوبی افریقا کے خلاف آئندہ سیریز میں 2 ٹیسٹ میچز جیت کر فائنل میں جگہ پکی کرلے گا۔ آسٹریلیا ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ جیت چکا ہے جبکہ آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے درمیان 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز رواں مہینے شروع ہوگی۔