ملتان ٹیسٹ میں ہم نے آپ کو ہرانا ہے، وزیراعظم کا برطانوی ہائی کمشنر سے دلچسپ مکالمہ

17سال بعد انگلش ٹیم کی پاکستان آمد تاریخی لمحہ ہے،انہیں خوش آمدید کہتے ہیں،انگلش کپتان بین اسٹوکس سیلاب متاثرین کیلئے آگے آئے، ان کا جذبہ لائق تحسین ہے،وزیراعظم

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری منگل 6 دسمبر 2022 00:32

ملتان ٹیسٹ میں ہم نے آپ کو ہرانا ہے، وزیراعظم کا برطانوی ہائی کمشنر ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 دسمبر 2022ء) ملتان ٹیسٹ میں ہم نے آپ کو ہرانا ہے، وزیراعظم کا برطانوی ہائی کمشنر سے دلچسپ مکالمہ17سال بعد انگلش ٹیم کی پاکستان آمد تاریخی لمحہ ہے،انہیں خوش آمدید کہتے ہیں،انگلش کپتان بین اسٹوکس سیلاب متاثرین کیلئے آگے آئے، ان کا جذبہ لائق تحسین ہے،وزیراعظم ۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ملتان ٹیسٹ میں ہم نے آپ کو ہرانا ہے، دیکھ کر جائیں، آپ کو ایسے نہیں جانے دیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ رمیز راجہ بہترین انداز میں اپنا کام کر رہے ہیں۔ پاک انگلینڈ ٹیموں کے اعزاز میں اعشایئے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کو پہلے ٹیسٹ میچ میں کامیابی پر مبارک دیتا ہوں،امید ہے پاکستان دوسرا ٹیسٹ جیتے گا۔

(جاری ہے)

شہباز شریف نے کہا کہ 17سال بعد انگلش ٹیم کی پاکستان آمد تاریخی لمحہ ہے،انہیں خوش آمدید کہتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ انگلش کپتان بین اسٹوکس سیلاب متاثرین کیلئے آگے آئے، ان کا جذبہ لائق تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑی قربانیوں کے بعد پاکستان میں امن قائم ہوا، پاکستان میں کھیلوں میں ترقی کیلئے کوشاں ہیں۔ واضح رہے کہ انگلینڈ نے راولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستان کو شکست دیکر 3 میچز کی سیریز میں ایک صفر سے برتری حاصل کرلی اور اس جیت کے ساتھ قومی ٹیم کی ٹیم ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچنے کی امیدیں دم توڑنے لگیں۔

آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2021-23 کے پوائنٹس ٹیبل پر آسٹریلیا 72.73 فیصد پوائنٹس کے ساتھ سر فہرست ہے۔ جنوبی افریقا 60 فیصد کے ساتھ دوسرے، سری لنکا 53.33 فیصد پوائنٹس کے ساتھ تیسرے، بھارت 52.08 فیصد کے ساتھ چوتھے اور پاکستان 46.67 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر ہے جبکہ ویسٹ انڈیز، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ بالترتیب چھٹے، ساتویں اور آٹھویں نمبر پر ہیں۔

پاکستان کو ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل تک رسائی کیلئے انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے 5 ٹیسٹ میچز میں کامیابی ضروری ہے۔ آسٹریلیا اور بھارت اپنی اپنی ٹیسٹ سیریز جیت جاتے ہیں تو پاکستان فائنل کی دوڑ سے باہر ہوجائے گا۔ ہوم سیریز میں پاکستان کی شکست کے بعد بھارت کے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچنے کے امکانات روشن ہوجائیں گے، اگر آسٹریلیا سے ایک ٹیسٹ میں بھارت کو شکست ہوجاتی ہے تو اسے بنگلادیش کے خلاف کلین سوئپ کرنا ہوگا۔

اگر آسٹریلیا ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں بھی کامیابی حاصل کرلیتا ہے اور جنوبی افریقا کے خلاف آئندہ سیریز میں 2 ٹیسٹ میچز جیت کر فائنل میں جگہ پکی کرلے گا۔ آسٹریلیا ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ جیت چکا ہے جبکہ آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے درمیان 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز رواں مہینے شروع ہوگی۔