صنفی مساوات ،دیگر رپورٹس پر تب ہی عملدرآمد ہو سکتا ہے جب ان پر اسمبلی میں بحث بھی کی جائے‘ وزیر پارلیمانی امور

آئندہ اس نوعیت کی تمام رپورٹس پر اسمبلی میں نہ صرف بحث کی جائے گی بلکہ انکی تجاویز کو پبلک بھی کیا جائے گا‘ راجہ بشارت پاکستان کی ترقی کیلئے ملک کی آدھی آبادی کو معاشی نظام سے باہر نہیں رکھا جا سکتا‘ مسرت جمشید چیمہ ترجمان پنجاب حکومت

بدھ 7 دسمبر 2022 17:57

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2022ء) ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جینڈر پیریٹی رپورٹ2021 کی لانچنگ تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں وزیر پارلیمانی امور راجہ محمد بشارت نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں ترجمان وزیر اعلی و حکومت پنجاب مسرت جمشید چیمہ، یونائیٹڈ نیشن پاپولیشن فنڈ کی نمائندہ لاتیکا ماسکے پرادھان، سیکرٹری وویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ سمیرا صمد، سیکرٹری پنجاب کمیشن آن سٹیٹس آف وویمن ندا اظہر اور سینئر پروگرام مینیجر آواز ٹو ایف سی ڈی او عاصم خان بھی موجود تھے۔

سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ سمیرا صمد نے سیکریٹری پنجاب کمیشن آن سیٹس آف ویمن کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ایک سال کی محنت کے بعد ایک جامع ڈیٹا فراہم کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے خواتین پر تشدد، چائلڈ میرج اور خواتین کے جائیداد میں حق کے حوالے سے سولہ روزہ آگاہی مہم کا آغاز 25 نومبر کو کیا تھا اور جینڈر پیریٹی رپورٹ بھی اسی کا ایک حصہ ہے۔

اس رپورٹ میں آبادی، گورننس، صحت، تعلیم، اقتصادی شراکت و مواقع اور خصوصی اقدامات کے حوالے سے پنجاب کے مختلف محکموں کے تعاون سے ڈیٹا اکٹھا کیا ہے اور اسکی بنیاد پر ہم نے تمام سٹیک ہولڈرز اور پالسی میکرز کو تجاویز پیش کی ہیں کہ کیسے اس ڈیٹا کی بنیاد پر وہ خواتین کے مسائل کے حل میں بہتر قانون سازی کر سکتے ہیں اور کیسے بہتر حکمت عملی بنائی جاسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صنفی مساوات رپورٹ کا ڈیٹا جمع کرنا آسان کام نہیں تھا۔ اگلے مرحلے میں رپورٹ پر ضلعی سطح پر مشاورت کریں گے۔ سمیرا صمد کا کہنا تھا کہ خواتین سے متعلق پنجاب بھر میں ایک مضبوط بیانیہ بنانے کی ضرورت ہے۔ صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے سیکریٹری ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ سمیرا صمد کو اتنی جامع رپورٹ تشکیل دینے پر مبارکباد دی۔

انہوں نے کہا کہ ایسی کئی رپورٹس سالانہ اسمبلی میں پیش ہوتی ہیں لیکن ان پر بحث نہیں ہوتی۔ ان رپورٹس پر تب ہی عملدرآمد ہو سکتا ہے جب انکو اسمبلی میں صرف پیش نہ کیا جائے بلکہ ان پر بحث بھی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ آج میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ آئندہ اس نوعیت کی تمام رپورٹس پر اسمبلی میں نہ صرف بحث کی جائے گی بلکہ انکی تجاویز کو پبلک بھی کیا جائے گا۔

ترجمان وزیر اعلیٰ و پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ترقی کیلئے ملک کی آدھی آبادی کو معاشی نظام سے باہر نہیں رکھا جا سکتا۔ خواتین کے مسائل کو حل کرنے کے لئے انکو مین سٹریم میں لانا بہت ضروری ہے۔ انکا کہنا تھا کہ ہم ایک قانون کو اسمبلی میں پاس کروانے میں بہت محنت کرتے ہیں لیکن اسکی عملدرآمد پر ہماری توجہ نہیں ہوتی۔

انہوں نے تمام خواتین ممبر پنجاب اسمبلی سے گزارش کی کہ وہ خواتین سے متعلق قوانین پر عملدرآمد میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ اب خواتین میں اتنی آگاہی ہے کہ وہ اپنے ساتھ ہو نے والی زیادتی پر آواز اٹھاتی ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ اگر بہتر قانون سازی کرنی ہے تو ہمارے پاس درست اعدادو شمار کا ہونا بہت ضروری ہے۔ ہمیں ان بڑھتے ہونے اعدادو شمار سے گھبرانا نہیں ہے بلکہ انکو مثبت طور پر لینا ہے کیونکہ درست اعدادوشمار سے ہمیں بہتر پالیسیاں بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی میں اضافے اور غربت بڑھنے کا اثر خواتین پر زیادہ ہوا ہے لیکن پنجاب میں خواتین کو قانونی تحفظ دینے سے متعلق حوصلہ افزا کام بھی ہوا ہے۔