ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے ڈیجیٹل لرننگ اینڈ سکل انرچمنٹ انیشیٹو کے تیسرے مرحلے کا آغاز کر دیا

جمعرات 8 دسمبر 2022 21:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2022ء) ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے کورس ایرا کی شراکت سے ڈیجیٹل لرننگ اینڈ سکل انرچمنٹ انیشیٹو کے تیسرے مرحلے کا آغاز کر دیا ہے جس کے تحت ایچ ای سی کورس ایرا کے مفت لائسنس جاری کرے گا اور پاکستانی نوجوانوں کو کورس ایرا کے5300 سے زائد کورسز تک رسائی حاصل ہوگی۔ ایچ ای سی کے مطابق ایچ ای سی نے 2018ء میں کورس ایرا کے ساتھ مل کر ڈیجیٹل لرننگ اینڈ اسکل انرچمنٹ انیشیٹو کا آغاز کیا اور اس پروگرام کے گزشتہ دو مراحل میں 12000طلباء نے ڈھائی لاکھ گھنٹوں پر محیط آن لائن ہنر سیکھے۔

اس پروگرام کے تحت پیش کیے جانے والے کورسز میں پراجیکٹ مینجمنٹ، ڈیٹا انالٹکس، پروگرامنگ اینڈ سوشل میڈیا مارکیٹنگ اور متعدد سافٹ سکلز کے شعبہ جات شامل ہیں۔

(جاری ہے)

2023ء میں پروگرام کے تیسرے مرحلے میں ایچ ای سی پاکستانی نوجوانوں کو مختلف ہنر اور صلاحیتیں حاصل کرنے کے مواقع فراہم کرے گا اور نوجوان 5300 کورسز اور گیارہ ڈومینز کے ذریعے 3400گائیڈڈ پراجیکٹس تک مفت رسائی حاصل کر سکیں گے۔

ایچ ای سی اور کورس ایرا کی شراکت داری سے متعلق اپنے کلمات میں چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد کا کہنا تھاکہ اس شراکت داری کا مقصد یہ ہے کہ نوجوان کورسز تک رسائی کے موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایچ ای سی اور کورس ایرا اس شراکت داری کو مزید مستحکم کریں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان مستفید ہوسکیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ایچ ای سی تعلیم کو سفارتکاری کے وسیلے کے طور پر استعمال کرنے کا قائل ہے تاکہ دوست ممالک باہمی کاوشوں سے اپنے مسائل کے حل کے طرف مل کر پیشرفت کر سکیں۔

کورس ایرا کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل گورنمنٹس ماٹ کلین کا کہنا تھا کہ ان کے لئے یہ بات قابل تحسین ہے کہ ایچ ای سی دورحاضر کی ضروریات سے ہم آہنگ تعلیم کو فروغ دینے کے لئے سرگرم ہے اور نوجوانوں کے لیے اس سمت میں مواقع فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ ایچ ای سی اپنے ویژن کی بدولت لاکھوں طلباء کے معیار زندگی کو بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

متعلقہ عنوان :