محکمہ یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس پنجاب نوجوانوں کی رہنمائی کیلئے اہم اقدامات اٹھارہا ہے، ڈائریکٹر یوتھ افیئرز سید عمیرحسن

پیر 19 دسمبر 2022 22:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 دسمبر2022ء) ڈائریکٹر یوتھ افیئرز سید عمیر حسن نے کہا ہے کہ نوجوان قوم کا سرمایہ ہے جن کی رہنمائی اور بھلائی کے لئے محکمہ یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس پنجاب اہم اقدامات اٹھارہا ہے، نوجوانوں کے لئے متعدد پروگرام شروع کئے ہیں جس سے نوجوان اپنا مستقبل بنا رہے ہیں، منشیات ایک زہر ہے جس سے نوجوانوں کو بچنا چاہئے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز سیکرٹری یوتھ افیئرزاینڈسپورٹس پنجاب احسان بھٹہ کی ہدایت پر محکمہ یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس پنجاب کے زیراہتمام یونیورسٹی آف لاہور میں نوجوانوں میں منشیات اور الیکٹرانک آلات کی لت کے خلاف آگاہی مہم کے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، پروگرام میں پروجیکٹ ڈیویلپمنٹ سپیشلسٹ قاسم ضیاء، اسسٹنٹ ڈائریکٹر یوتھ افیئرز نازش نور، ریسرچ آفیسر سعدیہ پرویز نے بھی خطاب کیا، یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے پروگرام میں شرکت کی، ڈائریکٹر ایڈمن اینڈ یوتھ افیئرز سید عمیر حسن نے مزید کہا ہے کہ نوجوان مثبت سرگرمیوں میں حصہ لے کر منشیات سے دور رہ سکتے ہیں، اس کے لئے فلاحی کام بھی کرسکتے ہیں اور سپورٹس میں بھی حصہ لیکر اپنے وقت کا بہترین استعمال کرسکتے، پروجیکٹ ڈیویلپمنٹ سپیشلسٹ قاسم ضیاء نے کہا کہ نوجوان آسائشوں کے عادی ہوگئے ہیں اس لئے وہ اپنا زیادہ وقت الیکٹرانک آلات کے استعمال میں صرف کردیتے ہیں، الیکٹرانک آلات کے زیادہ استعمال سے زیادہ وقت بیٹھنا پڑتا ہے جس سے بیماریاں نوجوانوں کو گھیر لیتی ہیں اس لئے نوجوان نہایت امور کے لئے الیکٹرانک آلات استعمال کریں اور باقی وقت جسمانی ورزش یا سپورٹس کو دیں تاکہ وہ صحت مند رہ سکیں۔