سگریٹ سازی کے شعبے میں سمگلنگ اور ٹیکس چوری کی فوری روک تھام کی جائے، وزیراعظم

ید ٹیکنالوجی کے استعمال اور بہتر این فورس منٹ سے ٹیکس وصولی کے نظام کو بہتر بنایا جائے، شہباز شریف کا اجلاس سے خطاب

بدھ 28 دسمبر 2022 19:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 دسمبر2022ء) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہاہے کہ سگریٹ سازی کے شعبے میں سمگلنگ اور ٹیکس چوری کی فوری روک تھام کی جائے ۔ بدھ کو وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ملک میں تمباکو کی غیر قانونی نقل و حرکت اور ٹیکس چوری کے رجحان کو ختم کرنے کیلئے اسلام آباد میں اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کی جس میں وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار، وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان، وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ ، چیئرمین ایف بی آر عاصم احمد اور اعلی حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر سگریٹ کے بیشتر کارخانوں میں ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم لگایا گیا ہے جس کے نتیجے میں تمباکو کے شعبے میں ٹیکس وصولی میں بہتری آئی ہے۔

(جاری ہے)

جولائی سے دسمبر تک اس سیکٹر میں 83.5 ارب روپے ٹیکس وصول ہو چکے ہیں، جو کہ گزشتہ سال اسی دوران اکٹھے کیے گئے ٹیکس سے 26 فیصد زیادہ ہے۔وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ ایف بی آر ایک جامع حکمت عملی سے ٹیکس وصولی کے نظام کو بہتر بنائے تاکہ اس سیکٹر میں ٹیکس چوری کا مکمل خاتمہ ہو سکے۔

وزیر اعظم نے ٹیکس نظام کی بہتری کے لیے ایف بی آر حکام کی کاوشوں کو سراہا، اور انہیں اپنی کوششیں مزید تیز کر کے ٹیکس وصولی کے نظام میں خاطر خواہ بہتری لانے کی ہدایت کی۔ وزیر اعظم نے کہاکہ رواں مالی سال میں ایف بی آر ٹیکس اہداف کی وصولی کو یقینی بنائے ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ ٹیکس چوروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور بہتر این فورس منٹ سے ٹیکس وصولی کے نظام کو بہتر بنایا جائے۔