چوہدری شافع حسین کا دورہٴ چین، بڑے سرمایہ کار گروپوں سے پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے بات چیت

ہفتہ 9 مئی 2026 18:02

چوہدری شافع حسین کا دورہٴ چین، بڑے سرمایہ کار گروپوں سے پنجاب میں سرمایہ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 مئی2026ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین پنجاب میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے سرگرم عمل ہیں۔انہوں نے چین کا دورہ کیا جہاں ٹیکسٹائل ،فوڈ پروسیسنگ،طبی آلات اور دیگر شعبوں سے وابستہ سرمایہ کار کمپنیوں کے حکام سے سود مند ملاقاتیں کیں۔ صوبائی وزیر نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع اور دستیاب سہولیات سے آگاہ کیا۔

صوبائی وزیر نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پنجاب میں فیکٹریاں لگانے کی دعوت دی اور ہر ممکن تعاون کی یقین دھانی کرائی۔ متعدد غیر ملکی سرمایہ کار کمپنیوں نے پنجاب میں مزید سرمایہ کاری میں آمادگی ظاہر کردی۔ صوبائی وزیر نے چین کے شہر گوانگژو میں کینٹن فیئر فیز تھری کا دورہ کیا قونصل جنرل سردار محمد اور ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ کونسلر محمد عمران بھی صوبائی وزیر کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے چین کے سرمایہ کاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری سے بڑی مقامی مارکیٹ تک رسائی کے ساتھ یورپی یونین اور امریکہ جیسی عالمی منڈیوں کیلئے ڈیوٹی فری ایکسپورٹ کے مواقع میسر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو بہترین سہولیات دی جارہی ہیں۔

سرمایہ کاروں کو حاصل مراعات کے باعث غیر ملکی سرمایہ کاروں نے گزشتہ اڑھائی سالوں میں اربوں روپے کی نئی سرمایہ کاری کی ہے ہماری کاوشوں سے پنجاب میں وی وو موبائل فون کی مینوفیکچرنگ کا کارخانہ تکمیل کے قریب ہے پنجاب میں الیکٹرک وہیکلز کے ایسمبلنگ پلانٹ لگ رہے ہیں اور مقامی صنعتکار بھی اپنے کارخانوں کو وسعت دے رہے ہیں۔صوبائی وزیر نے بتایا کہ انڈسٹری کی بڑھتی ہوئی ضرورت کے مطابق پنجاب میں نئے صنعتی مراکز بنا رہے ہیں۔

پنجاب کے صنعتی مراکز میں نئے کارخانے لگنے سے مقامی لوگوں کیلئے روزگار کے ہزاروں نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ صوبائی وزیر نے چین کے سرمایہ کاروں کو پنجاب میں سرمایہ کاری اور مقامی سرمایہ کاروں کے ساتھ جوائنٹ وینچر کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کریں گے اور انہیں ہر ممکن سہولت دیں گے۔ صوبائی وزیر اپنا چین کا کامیاب دورہ مکمل کرکے وطن واپس پہنچ گئے۔