خوبصورت اور دلکش مہاجر پرندے قدرت کا انمول اور بے مثال عطیہ ہیں‘مریم نواز

ہفتہ 9 مئی 2026 17:57

خوبصورت اور دلکش مہاجر پرندے قدرت کا انمول اور بے مثال عطیہ ہیں‘مریم ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2026ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مہاجرپرندوں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہاکہ خوبصورت اور دلکش مہاجر پرندے قدرت کا انمول اور بے مثال عطیہ ہیں۔ دور دیسوں سے آنے والے مہاجر پرندے فطرت کی خوبصورتی بڑھاتے ہیں۔ مہاجر پرندے ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہاکہ مہاجر پرندے زمین کی زرخیزی میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ مہاجر پرندوں کی حفاظت کے لئے قدرتی ماحول کا تحفظ ضروری ہے۔ مہاجر پرندوں سمیت قدرتی حیاتیاتی اثاثوں کی حفاظت کے لئے پنجاب میں وائلڈ لائف فورس سرگرم عمل ہے۔ پرندوں کا غیر قانونی شکار کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہاکہ پنجاب حکومت مہاجر پرندوں کے محفوظ مسکن اور جنگلات کی بقاء کے لیے کاوش کررہی ہے۔

جنگلی حیات کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے ماحول دوست مؤثر اور دیرپا اقدامات بھی کئے جا رہے ہیں۔حکومتی اقدامات کے نتیجے میں راج ہنس، ابابیل، فلیمنگو سمیت ہزاروں دیگر مہاجر پرندوں کی پاکستان واپسی ممکن ہوئی-محکمہ وائلڈ لائف کی خصوصی مہم کے دوران کونج،باز، تلور،ہنس او رآبی مرغابیوں سمیت ساڑھے 34ہزار سے زائد پرندے بازیاب کرائے گئے اور غیر قانونی شکار کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیاگیا- وزیراعلی مریم نوازشریف نے ذمہ دار شہری بن کر مہاجرپرندوں اور دیگر حیات کی بقاکے لیے سب کو بھرپور کردار ادا کرنا ہے۔ پرندے فطرت کا حسین ورثہ ہیں، حفاظت ہم سب کا فرض ہے۔