سعودی عرب میں 4 روزہ لیپ کانفرنس کا دوسرا ایڈیشن 6 فروری کو منعقد ہو گا

پیر 16 جنوری 2023 12:13

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2023ء) سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں 4 روزہ لیپ کانفرنس کا دوسرا ایڈیشن 6 فروری کوہو گا جس میں بڑی کمپنیوں سے تعلق رکھنے والے 700 سے زیادہ مقررین اور 900 نمائش کنندگان شرکت کریں گے۔ سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں آئندہ ماہ ایک بڑی ٹیکنالوجی کانفرنس کا دوسرا ایڈیشن منعقد ہو رہا ہے، اس لیپ کانفرنس میں ایک لاکھ سے زیادہ افراد کی شرکت متوقع ہےجن میں فٹ بال لیجنڈ اور ٹیک انویسٹر تھیری ہنری، ڈریگن ڈین کے سرمایہ کار اور پوڈ کاسٹر اسٹیو بارٹلیٹ،نوکیا اور ایرکسن پیکا لنڈمارک اور بورجے ایکولم کے صدور شامل ہیں۔

کانفرنس میں نیوم، سعودی آرامکو، موبیلی، ایس ٹی سی اور ای ایل ایم سمیت سعودی کمپنیوں کے نمائندے گوگل، ایمازون، سنیپ چیٹ، علی بابا، ہواوے، مائیکروسافٹ اور آئی بی ایم سمیت دنیا کی بڑی ٹیکنالوجی کارپوریشنز کے نمائش کنندگان کے ساتھ شرکت کریں گے، اس کے متوازی مصنوعی ذہانت (اے آئی) ایونٹ ’ ڈیپ فیسٹ‘پہلی بار 7 سے 9 فروری تک منعقد ہوگا۔

(جاری ہے)

یہ پروگرام سعودی وزارت مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی (ایم سی آئی ٹی) کے تعاون سے سعودی ڈیٹا اور مصنوعی ذہانت اتھارٹی (ایس ڈی اے آئی اے) کے اشتراک سے منعقد کیا جا رہا ہے۔کانفرنس میں سمارٹ سٹیزن، فنانشیل ٹیکنالوجی، ہیلتھ ٹیکنالوجی، ریٹیل، نان فنجیبل ٹوکنز(این ایف ٹیز)، خلائی ٹیکنالوجی اورچوتھے صنعتی انقلاب (4 آئی آر) ایسے موضوعات پرغورکیا جائے گا۔

سرمایہ کاراس شعبے میں ابھرتے ہوئے مواقع پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے لیپ انویسٹرسٹیج پر جلوہ افروزہوں گے،اس میں 90 سٹارٹ اپس کے درمیان مقابلہ ہوگا۔لیپ نے ایک مینٹورشپ سکیم بھی متعارف کرائی ہے جہاں 30 تخلیقی سٹارٹ اپس عالمی ماہرین سے رابطہ قائم کرسکتے ہیں۔نمائش میں جاپان اور ہانگ کانگ کے انسان نما روبوٹ، امریکا کے رقص کرنے والے روبوٹ اور امریکی کمپنی روئیبی کے مصنوعی ذہانت سے چلنے والے بچّوں کے استادبھی شرکت کریں گے۔

لیپ کی منتظم فرم انفارما مارکیٹس کے علاقائی نائب صدر مائیکل چیمپیئن نے کہا کہ یہ 21 ویں صدی کے موجد ہیں جو زندگی اور کام کی دنیا کو پیش کررہے ہیں لیکن جیسا کہ ہم اس وقت جانتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک بے مثال اور آفاقی نمائش کنندگان کا امتزاج ہے جو ٹیکنالوجی کی ترقی کومکمل طور پرایک نئی دنیا کے زندہ مدار میں بھیجے گا۔لیپ کل کی دنیا کی کھڑکی ہے، ایک ایسا ایونٹ ہوگا جومستقبل کو طاقت دیتا ہے اور ان لوگوں کو بااختیار بناتا ہے جواسے تشکیل دینا چاہتے ہیں۔