پاکستان اور کینیڈا کے عوام کے درمیان پرانے دوستانہ تعلقات ہیں، وفاقی وزیر برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت رانا تنویر حسین سے کینیڈین ہائی کمشنر کی ملاقات

جمعرات 26 جنوری 2023 21:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جنوری2023ء) وفاقی وزیر برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت رانا تنویر حسین سے کینیڈین ہائی کمشنر لیسلی سکینلونانے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ جمعرات کو جاری بیان کے مطابق رانا تنویر حسین نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان پرانے دوستانہ تعلقات ہیں جو لوگ ایک دوسرے سے محبت کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

رانا تنویر حسین نے ووکیشنل اور ٹیکنیکل ٹریننگ کے حوالے سے مہارت اور علم کے تبادلے پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ غیر رسمی تعلیم کے شعبے میں نیشنل سکلز یونیورسٹی (این ایس یو) اسلام آباد پاکستانی نوجوانوں کو تکنیکی مہارتیں فراہم کر رہی ہے جس کو بڑھا کر پاکستان اور کینیڈا میں کام کرنے کے خواہشمند پاکستانی نوجوانوں کے لئے ہنر سیکھنے کا مرکز بنایا جا سکتا ہے۔