اٹک میں مختلف واقعات میں 2 افراد جاں بحق جبکہ میاں بیوی شدید زخمی ہو گئے

اتوار 29 جنوری 2023 21:20

اٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جنوری2023ء) اٹک میں مختلف واقعات میں 2 افراد جاں بحق جبکہ میاں بیوی شدید زخمی ہو گئے۔ پہلے واقعہ میں تھانہ پنڈی گھیب کی حدود میں واقع گائوں سورگ میں ایک شخص کو تشدد کرکے قتل کردیا گیا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتول فخر زمان کی نعش اتوار کو برآمد ہو ئی جسے کسی نامعلوم شخص نے تشدد کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔

دوسرے واقعہ میں تھانہ رنگو کی حدود میں دریائے سندھ کے کنارے سے ایک شخص کی نعش ملی جس کے بارے میں پولیس کا کہنا ہے کہ کچھ مقامی لوگوں نے ایک شخص کی نعش دریا میں تیرتی دیکھ کر ریسکیو 1122 کو اطلاع دی، جنہوں نے نعش کو برآمد کر کے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال حضرو منتقل کیا ،متوفی کی شناخت 37 سالہ ستار احمد کے نام سے ہوئی ہے، ورثاء کے مطابق متوفی نشے کا عادی تھا ۔

(جاری ہے)

دونوں نعشوں کو پوسٹمارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیا گیا ہے ۔ ادھر اسلام آباد پشاور موٹر وے پر حسن ابدال کے قریب کار الٹنے سے ایک جوڑے کو شدید چوٹیں آئیں، ریسکیو 1122 کے ذرائع کے مطابق 35 سالہ عبدالرحمن اپنی اہلیہ کے ہمراہ گاڑی میں جا رہا تھا کہ ہزارہ انٹر چینج پر تیز رفتاری کے باعث وہ کنٹرول کھو بیٹھا اور کار الٹ گئی جس کے نتیجے میں دونوں شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال حسن ابدال منتقل کر دیا گیا ہے۔ متعلقہ پولیس نے الگ الگ مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔\378