پشاور‘مسجد میں دوران نماز خودکش دھماکہ ‘ 44افراد شہید ‘ 170 افراد زخمی

پیر 30 جنوری 2023 23:25

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جنوری2023ء) صوبائی دارالحکومت پشاور کے ریڈ زون میں واقع پولیس لائنز کی مسجد میں خودکش بم دھماکہ کے نتیجہ میں 44افراد شہید اور170سے زائد شدید زخمی ہوگئے ہیں، زخمیوں میں متعدد کی حالت نازک بتائی جارہی ہے،دھماکہ کے نتیجہ میں مسجد کی چھت منہدم ہوگئی ہے جس کے نیچے میں درجنوں افراد ملبے تلے دب گئے۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور سکیورٹی فورسز نے پولیس لائن جانے والے تمام راستے سیل کردیئے جبکہ ریسکیو1122اور دیگر امدادی اداروں کی ٹیموں نے نعشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا،ملک سعد شہید پولیس لائنزصوبائی دارالحکومت پشاور کے ریڈ زون میں سول سیکرٹریٹ کے سامنے اور سنٹرل جیل پشاور سے متصل ہے جس میں ضلع پشاور کی پولیس کا ہیڈکوارٹر،سی سی پی او پشاور، ایس ایس پی آپریشنز، ایس ایس پی انوسٹی گیشن، ایس پی سیکورٹی و دیگر افسران کے دفاتر کے ساتھ ساتھ کانٹرٹیررازم ڈیپارٹمنٹ(سی ٹی ڈی)،پولیس ٹیلی کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ اور فرنٹیئر ریزرو پولیس(ایف آرپی) کے ہیڈکوارٹر بھی واقع ہیں۔

(جاری ہے)

ملک سعد شہید پولیس لائنز کی جامع مسجد میں پیر کے روز پولیس افسران اور اہلکاروں کے ساتھ پولیس لائنز آنے والے کئی سو افراد نماز ظہر ادا کرنے آئے تھے، اما م مسجد صاحبزادہ نورالامین نے جیسے ہی اللہ اکبر کہا اس کے ساتھ ہی ایک زوردار دھماکہ ہوا، دھماکہ مسجد کی اگلی صف میں ہوا اور اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی اور مسجد کی چھت منہدم ہوگئی، عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ کے ساتھ ہی دھویں اور گرد کے بادل نے مسجد کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور چاروں طرف زخمی اور جاں بحق ہونے والوں کے اعضا بکھرے پڑے تھے،دھماکہ کے فورا بعدپولیس لائنز جانے والے تمام راستوں کو سیل کردیا گیا اور امدادی سرگرمیوں کے لئے پولیس، ریسکیو 1122 اور دیگر امدادی اداروں کے کارکن اور ایمبولنس گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں جہاں سے جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقلی کا کام شروع کیا گیا، واقعہ کی اطلاع ملنے پرسینکڑوں کی تعداد میں لوگ اپنے پیاروں کی خیریت جاننے کے لئے پشاور کے سب سے بڑے لیڈی ریڈنگ ہسپتال پہنچ گئے جبکہ خیبرپختونخوا حکومت نے پشاور کے تمام بڑے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرکے ڈاکٹروں، نرسوں اور دیگرطبی عملے کو ہنگامی ڈیوٹی پر طلب کرلیا، پولیس کی بھاری نفری نے بھی ہسپتال پہنچ کر سیکورٹی سنبھال لی۔