فیصل آباد،گیارہواں سالانہ قومی کچن گارڈننگ میلہ 5فروری کو فارمر مال گٹ والا میں ہوگا

جمعرات 2 فروری 2023 23:22

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 فروری2023ء) گیارہواں سالانہ قومی کچن گارڈننگ میلہ 5فروری کو فارمر مال گٹ والا میں ہوگا جس میں کچن گارڈننگ کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے مختلف قسم کے پروگرام ہوں گے۔ اس تقریب کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے ایگری ٹورازم اور میلہ فیسٹیول بارے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی قائمہ کمیٹیوں کا مشترکہ اجلاس ہوا۔

(جاری ہے)

چیئرمین میلہ فیسٹیول سید خالد محمود اور چیئرمین ایگری ٹورازم محمد طارق تنویر نے بتایا کہ اس تقریب کا مقصد نوجوان نسل کو پنجاب کی دیہی ثقافت اور زراعت کی اہمیت سے آگاہ کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس میلے کے دوران کچن گارڈننگ کے حوالے سے مختلف سٹال لگائے جائیں گے جبکہ سٹال لگانے والوں کے درمیان مقابلہ بھی ہوگا۔ تین بہترین سٹال لگانے والوں کو انعام بھی دیئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اس میلے کو یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر منعقد کرنے کا مقصد یہ ہے کہ شرکا کو کشمیر ی بھائیوں کی جدوجہد اور قربانیوں سے آگاہ کیا جائے جو گزشتہ 7دہائیوں سے تکمیل پاکستان کی جنگ میں مصروف ہیں۔