زرعی یونیورسٹی میں فیسوں میں اضافہ کے خلاف احتجاج

والدین اور طلباء نے وی سی کی تعلیم دشمن پالیسیوں کے خلاف شدیدنعرہ بازی کی

جمعرات 2 فروری 2023 23:26

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 فروری2023ء) زرعی یونیورسٹی میں فیسوں میں اضافہ کے خلاف وائس چانسلر کے دفتر کے سامنے احتجاج کرنے والے طلبا پر وی سی کے ایماء پر پولیس تشددکے خلاف والدین،سول سوسائٹی اور طلباء نے یونیورسٹی مین گیٹ کے سامنے جماعت اسلامی کے ضلعی امیر پروفیسر محبوب الزماںبٹ کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔

والدین اور طلباء نے وی سی کی تعلیم دشمن پالیسیوں کے خلاف شدیدنعرہ بازی کرتے ہوئے فیسوں میں اضافہ واپس لینے اور طلبا پر تشدد کے ذمہ داران کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کردیا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے ضلعی امیر پروفیسر محبوب الزماںبٹ نے کہا کہ شدیدمہنگائی کے دور میں والدین بچوں کی فیسیں اداکرنے سے قاصر ہوچکے ہیں۔

(جاری ہے)

یونیورسٹی انتظامیہ اپنے اخراجات کا سارابوجھ والدین پر ڈالنا چاہتی ہے۔

یونیورسٹی انتظامیہ فیسوں میں اضافہ کرنے کی بجائے اپنے شاہانہ اخراجات میں کمی کرے ۔انہوں نیفیسوں میں اضافہ کو مہنگائی،بیروزگاری کے ستائے والدین پر ڈرون حملہ قراردیتے ہوئے فیسوںمیں 25 فیصد اضافہ تعلیم دشمنی کے مترادف ہے جسے والدین کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔ کسی کو بھی والدین کی جیبوںپر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے اور اگر اس فیصلہ کو طلبا پر جبری ٹھونسنے کی کوشش کی تو اس کی بھر پور مزاحمت کی جائے گی۔

انہوں نے کہاکہ فیسوں میں اضافہ سے طلبہ کے لئے علم کا حصول دائوپرلگ گیا ہے۔ فیسوںمیں25فیصداضافے کے باعث والدین کیلئے فیسیں جمع کروانا مشکل ہوگیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہر یونیورسٹی میں داخلے کے وقت فیسوںکاتعین کیا جاتاہے لیکن زرعی یونیورسٹی میںدوران تعلیم ہی فیسوں میں بے تحاشا اضافہ کردیا گیا ہے جس سے طلبہ وطالبات کے لئے فیسیں اداکرنا مشکل ہوگیاہے ۔

انہوں نے کہاکہیہ کوئی سیاسی مسئلہ نہیں،میں خود ایک طالب علم کا باپ ہوں،میرے لئے خود فیس اداکرنا مشکل ہو چکی ہے۔ یہ سارے شہر کا مشترکہ مسئلہ ہے۔ انہوں نے انتظامیہ کو متنبہ کیا کہ اگر معصوم طلباپرتشددکرنے والوںکے خلاف ایکشن اورفیسوں میں اضافہ واپس نہ لیاگیا توشہرکی سول سوسائٹی ،تاجر برادری، وکلاء اور چیمبر آف کامرس کے ساتھ مل کر خلاف مشترکہ لائحہ عمل طے کیاجائے گا۔