برطانوی بادشاہ چارلس سوئم کی پشاور دھماکے کی شدید مذمت

غم کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام، حکومت اور متاثرین کے ساتھ ہیں، برطانوی بادشاہ چارلس سوئم کا تعزیتی پیغام

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری جمعہ 3 فروری 2023 00:09

برطانوی بادشاہ چارلس سوئم کی پشاور دھماکے کی شدید مذمت
لندن ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 02 فروری 2023ء ) برطانوی بادشاہ چارلس سوئم نے پشاور دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ غم کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام، حکومت اور متاثرین کے ساتھ ہیں۔ تعزیتی پیغام کے مطابق ایسی سفاکیت انسانیت اور ہمدردی کی اقدار پر وحشیانہ حملہ ہے۔ برطانوی بادشاہ چارلس نے دھماکے کے متاثرین کے ساتھ دل کی گہرائیوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔

چارلس سوئم نے کہا کہ 2006 میں دورہ پاکستان یاد ہے جب تباہ کن زلزلے سے ہر طرف تباہی تھی۔ سعودی عرب کے بادشاہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پشاور میں ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ سعودی پریس ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق سعودی قیادت نے پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی کو تعزیتی خط ارسال کیا، جس میں شاہ سلمان نے لکھا کہ پشاور میں ہونے والا دھماکہ دہشت گردی ہے جس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ہر قسم کی انتہا پسندی کو مسترد کرتے ہیں، مسجد میں ہونے والے دھماکے میں متعدد بے گناہ افراد جاں بحق ہوئے، ہم جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے اور زخمیوں کے لیے جلد شفایابی کی دعا کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے اپنے خط میں پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہم پاکستان کے ساتھ ہیں، سعودی عرب ہر طرح کی دہشت گردی اور انتہا پسندی کو مسترد کرتے ہوئے اس کی شدید مذمت کرتا ہے، پشاور دھماکے میں ہونے والی ہلاکتوں پر افسوس ہوا، ہم جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

اس سے قبل پیر کے روز پاکستان میں سعودی سفارتخانے نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مذمتی پیغام جاری کیا، جس میں کہا گیا کہ مملکت کی طرف سے سعودی وزارتِ خارجہ پشاور کی ایک مسجد میں دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتا ہے، ہر قسم کے تشدد، انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف سعودی عرب برادر ملک اسلامی جمہوریہ پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے، متاثرین کے اہلِ خانہ اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کی حکومت اور عوام کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔