Live Updates

کل حکومتی نمائندوں نے فون پر اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی جو مناسب طریقہ نہیں،اسد قیصر

ہم امن کیلئے تمام اختلافات بھلانے کیلئے تیار ہیں،ضرورت اس بات کی ہے حکومت اپنے طرز عمل کو بہتر بنائے،سابق اسپیکر قومی اسمبلی

Abdul Jabbar عبدالجبار پیر 6 فروری 2023 13:54

کل حکومتی نمائندوں نے فون پر اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی جو مناسب طریقہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 06 فروری 2023ء) تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر کا کہنا ہے کہ ہم امن کیلئے تمام اختلافات بھلانے کیلئے تیار ہیں،ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت اپنے طرز عمل کو بہتر بنائے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے حکومت کی جانب سے اے پی سی میں دعوت دینے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے گزشتہ روز حکومتی نمائندوں نے فون پر اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی،کانفرنس کی دعوت دینے کا یہ بالکل بھی مناسب طریقہ نہیں ہے،اے پی سی میں دعوت دینا کا احسن طریقہ ہوتا ہے،ہم سمجھتے ہیں کہ ملک سنگین بحرانوں کا شکار ہے اور اس وقت یکجہتی کی ضرورت ہے،حکومتی رویہ غیر آئینی ہے اور اس ماحول میں یکجہتی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا،حکومت کو سب سے پہلے اپنے رویے میں بہتری لانا ہو گی،ہم نے اپنے دور میں دہشت گردی پر قابو پانے کیلئے بہترین حکمت عملی بنا کر امن قائم کیا۔

(جاری ہے)

قبل ازیں فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت یا وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سےپی ٹی آئی کو آل پارٹیز کانفرنس میں شمولیت کا کوئی دعوت نامہ نہیں ملا۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے میڈیا پر دہشت گردی کے معاملے پر آل پارٹیز کانفرنس اور تحریک انصاف کو شمولیت کی دعوت دی لیکن ابھی تک اس ضمن میں تحریک انصاف کو کوئی دعوت نامہ نہیں ملا،فواد چوہدری نے کہا کہ باقاعدہ دعوت نامہ ملا تو اس کانفرنس میں شرکت پر مشاورت کریں گے۔

جبکہ اے پی سی میں پی ٹی آئی کو دعوت کے بعد پاکستان تحریک انصاف شیخ رشید احمد اور اعظم سواتی کو نامزد کرنے پر غور کر رہی ہے۔چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کو فواد چوہدری نے مشورہ دیا کہ اے پی سی میں شیخ رشید اور اعظم سواتی کو پارٹی کی نمائندگی کرنی چاہیے،عمران خان سے ملاقات کے دوران فواد چوہدری نے مشورہ دیا کہ ہمیں شیخ رشید اور اعظم سواتی کو اے پی سی کے لئے نامزد کرنا چاہیے۔شیخ رشید احمد وزیرداخلہ رہ چکے ہیں اور ملک کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز سے بخوبی واقف ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات