بھارت میں کھیل کر ایسا لگا جیسے اپنے ہوم گرائونڈ پر کھیل رہا ہوں : عمر اکمل

بھارتی کرائوڈ دونوں ٹیموں کا احترام کرتا ہے، ہندوستانی شائقین پاکستانی کھلاڑیوں سے محبت کرتے ہیں اور ان کی حوصلہ افزائی بھی کرتے ہیں: ٹیسٹ کرکٹر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 6 فروری 2023 16:53

بھارت میں کھیل کر ایسا لگا جیسے اپنے ہوم گرائونڈ پر کھیل رہا ہوں : عمر ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 6 فروری 2023ء )  تجربہ کار پاکستانی بلے باز عمر اکمل نے بھارت میں بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے کا اپنا تجربہ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ایسا لگا جیسے وہ ہوم گراؤنڈ پر کھیل رہے ہوں۔ ایک انٹرویو میں بات کرتے ہوئے دائیں ہاتھ کے بلے باز نے کہا کہ انہوں نے بھارت میں زیادہ کرکٹ نہیں کھیلی ہے لیکن وہ جہاں بھی کھیلے ہیں، ان کا وقت بہت اچھا گزرا ہے۔

عمر اکمل نے بھارت میں کھیلنے کے اپنے تجربے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کا کرائوڈ دونوں ٹیموں کا احترام کرتا ہے۔ ہندوستانی شائقین پاکستانی کھلاڑیوں سے محبت کرتے ہیں اور ان کی حوصلہ افزائی بھی کرتے ہیں۔ لاہور میں پیدا ہونے والے ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ وہ کہاں کرکٹ کھیلنا پسند کرتے ہیں اس حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایشیاء بالخصوص بھارت میں کھیلنا پسند کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

جب ان سے ہوم کنڈیشنز میں کھیلنے کے بارے میں پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ 'میں نے ابھی تک پاکستان میں کوئی بڑی سیریز نہیں کھیلی ہے اور صرف دو ٹی ٹونٹی کھیلے ہیں جس میں میں صفر پر آؤٹ ہوا ہوں'۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے عمر اکمل پر 2020ء میں پی ایس ایل سے قبل کرپٹ رویوں کی تفصیلات بتانے میں ناکامی پر تین سال کے لیے پابندی عائد کر دی تھی۔ تاہم، عدالت برائے ثالثی برائے کھیل (سی اے ایس) نے فروری 2021ء میں ان کی پابندی میں 6 ماہ کی کمی کردی، جس سے انہیں توقع سے پہلے پیشہ ورانہ کرکٹ میں واپس آنے کی اجازت دی گئی۔ 32 سالہ بلے باز کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 13 فروری سے شروع ہونے والے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آئندہ آٹھویں ایڈیشن کے لیے منتخب کیا ہے۔