دوا ساز کمپنیوں کا ایک ہفتے بعد دواؤں کی پیداوار بند کرنے کا اعلان

ڈالر مہنگا ہونے سے خام مال مہنگا ہوگیا ہے جبکہ بجلی اور گیس بھی مہنگی ہوچکی ہے، ایسے میں موجودہ قیمت پر دوا بنانا ممکن نہیں رہا، فارما سوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری پیر 6 فروری 2023 23:30

دوا ساز کمپنیوں کا ایک ہفتے بعد دواؤں کی پیداوار بند کرنے کا اعلان
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔06 فروری 2023ء ) دوا ساز کمپنیوں نے ایک ہفتے بعد دواؤں کی پیداوار بند کرنے کا اعلان کر دیا۔ فارما سوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے رہنما نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ڈالر مہنگا ہونے سے خام مال مہنگا ہوگیا ہے جبکہ بجلی اور گیس بھی مہنگی ہوچکی ہے، ایسے میں موجودہ قیمت پر دوا بنانا ممکن نہیں رہا۔

ان کا کہنا تھاکہ ایک ہفتے بعد ادویات کی پیداوار بند کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی، لاہور اور راولپنڈی کی 10 کمپنیاں پیداوار بند کرنے کے نوٹس دے چکیں، ایک ہفتے کے بعد ادویات کی پیداوار اور سپلائی کمپنیوں کیلئے ممکن نہیں رہے گی، خام مال،بجلی اور گیس کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے، اگلے چند دنوں میں تمام دواسازکمپنیاں پیداوار بند کرنے کے نوٹس دیں گی۔

(جاری ہے)

قاضی منصور دلاور کا کہنا تھاکہ حکومت اور ڈریپ کو ادویہ ساز کمپنیوں اور عوام کی مشکلات کا احساس نہیں۔ دوسری جانب ڈریپ حکام کا کہنا ہے کہ انہیں ابھی کسی دوا ساز کمپنی نے نہ نوٹس دیا ہے نہ ہی زبانی طور پر دوا سازی بند کرنے سے آگاہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان فارماسوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن نے وفاقی حکومت کو خط لکھ کر ادویات کی قیمتوں میں اضافے کا مطالبہ کیا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ حکومت دواؤں کی قیمتوں میں فوری اضافہ کرے اگر دواؤں کی قیمتیں نہ بڑھائی گئیں تو فیکٹریاں بند کر کے احتجاج ہو گا۔ پی پی ایم اے کا کہنا ہے کہ وزیرخزانہ، صحت، سی ای او ڈریپ کو خط لکھا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ ڈالر اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بےتحاشا اضافہ ہوا ہے ڈالر اور پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے پرفیکٹریاں چلانا ممکن نہیں۔

ایسوسی ایشن کے مطابق خام مال کی قلت پرادویہ سازی میں مشکلات درپیش تھیں قیمتیں نہ بڑھانے پر دواؤں کی مزید قلت پیدا ہو گی جب کہ ایل سیز نہ کھلنے سے ادویہ سازی میں مشکلات کا سامنا ہے، دواؤں کی قیمتیں نہ بڑھانے پر انڈسٹری بند ہو جائے گی۔